پاکستان صحت کے شعبہ کو بہت اہمیت دیتا ہے، صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری ،عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں، ممنون حسین

پاکستانی ڈاکٹرز اور رائل کالج آف فزیشنز کی باہمی کاوشوں کے ذریعے ’فیوچر ہاسپٹل پاکستان‘ جیسے منصوبے مریضوں کی نگہداشت کی عمدہ مثال ہونگے، صدر مملکت کی رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد سے گفتگو

جمعہ 19 جنوری 2018 20:21

پاکستان صحت کے شعبہ کو بہت اہمیت دیتا ہے، صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری ،عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا ئے جارہے ہیں، ممنون حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبہ کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے ،صحت عامہ کے بنیادی ڈھانچہ کی بہتری اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھا رہا ہے،پاکستانی ڈاکٹرز اور رائل کالج آف فزیشنز کی باہمی کاوشوں کے ذریعے ’فیوچر ہاسپٹل پاکستان‘ جیسے منصوبے مریضوں کی نگہداشت کی عمدہ مثال ہونگے۔

صدر مملکت نے یہ بات جمعہ کو رائل کالج آف فزیشنز برطانیہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے صدر جین ڈیکر کی قیادت میں ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ وفد میں آئن بولک، پروفیسر علی جواد، پروفیسر عامر غفور خان، پروفیسر جاوید اکرم اور سٹیو کرمپ شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزارت قومی صحت خدمات اور ایوان صدر کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے پاکستانی ڈاکٹرز کے ساتھ رائل کالج آف فزیشنز کی شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی کاوشوں کے ذریعے ’’فیوچر ہاسپٹل پاکستان‘‘ جیسے منصوبے مریضوں کی نگہداشت کی ایک عمدہ مثال ہونگے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم مل کر صحت عامہ کو درپیش خطرات کو دور کرنے میں معاون کردار ادا کر سکتے ہیں۔ صدر نے وفد پر پاکستانی ڈاکٹروں کیساتھ تعاون میں مزید اضافہ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں مریضوں کی بہتر نگہداشت کے بارے میں کانفرنس کے انعقاد میں آر سی پی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس قسم کی مساعی ملک میں میڈیکل کی تعلیم کے معیارات کو مزید بلند کرنے کیلئے مفید ثابت ہوں گی۔ صدر نے آر سی پی کی پانچ سو سالہ تقریبات پر وفد کو مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان میں اس کے خوشگوار قیام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں