سماجی کارکن کو سوشل میڈیا کے ذریعے دھمکی دینے والا ملزم گرفتار

ملزم حمزہ خان نے مشعال خان قتل کیس میں انصاف کا مطالبہ کرنے پر قتل کی دھمکی دی تھی ،ْ گلا لئی اسماعیل

منگل 23 جنوری 2018 14:26

سماجی کارکن کو سوشل میڈیا کے ذریعے دھمکی دینے والا ملزم گرفتار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2018ء) مقتول مشعال خان کو انصاف دلانے کیلئے متحرک سماجی رہنما کو سوشل میڈیا کے ذریعے جان سے مارنے کی مبینہ طور پر دھمکیاں دینے والے شخص کو پشاور سے گرفتار کرلیا گیا۔غیر سرکاری تنظیم (این جی او) اًویئر گرلز کی سربراہ گلالئی اسمٰعیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملزم حمزہ خان نے انہیں مشعال خان قتل کیس میں انصاف کا مطالبہ کرنے پر قتل کی دھمکی دی تھی۔

ملزم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو کے ذریعے دیگر افراد کو بھی گلالئی اسمٰعیل کو قتل کرنے پر اکسایا تھا۔حمزہ خان کے خلاف شکایت درج کرانے کے بعد انہیں بتایا گیا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) نے فیس بک سے ملزم کا دھمکی آمیز ویڈیو پیغام ہٹا دیا تھا۔

(جاری ہے)

گلالئی اسمٰعیل نے کہا کہ انہیں جون 2017 سے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو رہے تھے۔

ابتداء میں انہوں نے ایف آئی اے سے رجوع کیا تاہم ادارے نے مشتبہ شخص کی گرفتاری کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جس کے بعد انہوں نے 15 نومبر 2017 کو پولیس میں مقدمہ درج کرایا۔مقدمہ درج ہونے کے بعد بھی گلالئی اسمٰعیل کو کئی افراد کی جانب سے دھمکی آمیز پیغامات ملتے رہے جن میں سے متعدد بعد ازاں فیس بک اور ٹویٹر پر جعلی ثابت ہوئے۔ایف آئی آر میں نامزد ملزم کو پشاور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیاتاہم یہ بات سامنے آنے کے بعد اسے پیر کے روز دوبارہ گرفتار کرلیا گیا کہ اس نے صرف قتل کی دھمکی والا ویڈیو پیغام ہی جاری نہیں کیابلکہ گلالئی اسمٰعیل کی پوسٹس پر مختلف اکاؤنٹس سے کمنٹس بھی کیے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) کنٹونمنٹ وسیم ریاض نے 18 سالہ حمزہ خان کو گلالئی اسمٰعیل کو دھمکی دینے پر گرفتار کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں