پاکستان کی معاشی ترقی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ( آباد) اہم کردار ادا کررہی ہے،

آباد کی سوشل ہاوسنگ اسکیم قابل تحسین ہیں ،حکومت اس منصوبے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی، مسلم لیگ ن کا ویژن پاکستان کی معاشی ترقی اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے،لوگوں کو سستے گھر فراہم کرکے آباد حکومت کا ہاتھ بٹا رہی ہے وزیر مملکت کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2018 کی تعارفی تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 فروری 2018 19:38

پاکستان کی معاشی ترقی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ( آباد) اہم کردار ادا کررہی ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2018ء) وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈیولپمنٹ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز ( آباد) اہم کردار ادا کررہی ہے، آباد کی سوشل ہاوسنگ اسکیم قابل تحسین ہیں اور حکومت اس منصوبے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

یہ بات انھوں نے آباد کی جانب سے منعقد کی جانے والی آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2018 کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آباد کی بین الاقوامی ایکسپو مئی میں اسلام آباد کے پاک۔چائنہ فرینڈ شپ سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔ مجوزہ ایکسپو کی تعارفی تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور،سینئر نائب صدر سید مظہر علی نثار،ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر عبدالرئوف عالم،آئی سی سی آئی کے صدرشیخ عامر وحید،آر سی سی آئی کے صدر زاہد لطیف خان،ایس سی سی آئی کے صدر زاہد اللہ شنواری،آباد کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا، سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی،سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس،آباد ناردرن ریجن کے سابق چیئرمین ساحر رشید، ایم کیو ایم کے ایم این اے رشید گوڈیل،پی پی کے سابق ایم این اے زمرد خان اور آباد کے ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تعمیراتی صنعت سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے،ملک کی معاشی ترقی میں آباد کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے،کم آمدنی والے طبقے کے لیے آباد کی سوشل ہائوسنگ اسکیم کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت آباد کی سوشل ہائوسنگ اسکیم میں ہر ممکن مدد کرے گی۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ویژن پاکستان کی معاشی ترقی اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا ہے،لوگوں کو سستے گھر فراہم کرکے آباد حکومت کا ہاتھ بٹا رہی ہے، آباد کو درپیش مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر آباد کے چیئرمین عارف یوسف جیوا نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہمارے ملک میں تعمیرات کے شعبے میں بہت زیادہ صلاحیت ہے،اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھ گھروں کی کمی ہے،لوئر مڈل کلاس کے لیے اپنا گھر ہونے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے آباد نے سال 2017 میں اسلام آباد میں منعقدہ آباد انٹر نیشنل ایکسپو میں سوشل ہائوسنگ اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت 15 سے 19 لاکھ روپے میں عالمی معیار کا بنا ہوا گھر فراہم کیا جائے گا۔

عارف جیوا نے بتایا کہ نیو اسلام آباد ائیر پورٹ کے قریب اس منصوبے کے لئے جگہ دیکھ لی گئی ہے اور اگلے چند ماہ میں اس کالونی پر کام شروع کردیا جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کا تعمیرات کی صنعت 218 ارب ڈالر کی انڈسٹری ہے جبکہ اب بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور نئی نئی کمپنیاں اس شعبے میں داخل ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آباد کی ایکسپو سے بیرون ملک بسنے والے پاکستان بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی جانب راغب ہو رہے ہیں تاہم حکومت کو چاہیے کہ بیرون ملک سے سرمایہ پاکستان لانے والے کے لئے مراعاتی پیکچ کو اعلان کیا جائے تا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔

علاوہ ازایں حکومت تعمیراتی شعبے کے لئے ٹیکس کے نظام میں بھی اصلاحات لائے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کو پرکشش بنائے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ پاکستان میں تعمیرات اور رئیل اسٹیٹ کی عالمی نمائشوں کا انعقاد آباد کا احسن اقدام ہے،اس طرح کے میگا ایونٹ سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ آئیگا ،ملکی معیشت کو ترقی ملے گی جس سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔

آئی سی سی آئی کے صدر عامر وحید شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد " آباد انٹرنیشنل ایکسپو" ایک اچھا اقدام ہے ۔انھوں نے کہا کہ تعمیرات کا خام مال ملک کے اندر تیار کیا جانا چاہیے اور تعمیراتی شعبے کے خام مال کی درآمد کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیے۔عامر وحید شیخ نے اسلام آباد میں ہونے والی آباد ایکسپو میں آئی سی سی آئی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔

قبل ازیں آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس نے اسلام آباد میں ہونے والی آباد انٹرنیشنل ایکسپو پر بریفنگ دی۔انھوں نے کہا کہ آباد تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لیے کوشاں ہے، آباد ایکسپو میں تعمیرات،رئیل اسٹیٹ اور ذیلی صنعتوں کی پاکستان بھر سے کمپنیوں کے علاوہ 32 غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی،لاکھوں افراد اس نمائش میں شریک ہوں گے۔

نمائش سے تعمیراتی شعبے کو ترقی ملے گی جس کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ آر سی سی آئی کے صدر زاہد لطیف خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا آباد ایکسپو سے مقامی اور ملکی معیشت کو ترقی ملے گی ۔انھوں نے آباد رہنمائوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل،پی پی کے سابق ایم این اے زمرد خان اور ایس سی سی آئی کے صدرزاہد اللہ شنواری نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آخر میں آباد ناردرن ریجن کے سابق چیئرمیں ساحر رشید نے آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2018 کی تعارفی تقریب میں شرکت پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں