فیڈرل لاج نمبر ون زرغون روڈ کوئٹہ میں اضافی بلاک کی تعمیر کا پی سی ون جمع کرادیا گیا ہے، وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی

جمعہ 23 فروری 2018 12:30

فیڈرل لاج نمبر ون زرغون روڈ کوئٹہ میں اضافی بلاک کی تعمیر کا پی سی ون جمع کرادیا گیا ہے، وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ فیڈرل لاج نمبر ون زرغون روڈ کوئٹہ میں اضافی بلاک کی تعمیر کا پی سی ون جمع کرا دیا گیا ہے۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم موسیٰ خیل کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سردار اعظم موسیٰ خیل کو شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ 55 لاکھ منظور کرکے فیڈرل لاج کو دوبارہ تعمیر کیا ہے، اگر وہاں کوئی غیر قانونی طور پر رہ رہا ہے تو کارروائی ہو گی۔

نیب اور دوسرے اداروں کو کھلی اجازت ہے کہ اگر میری کرپشن کے کوئی ثبوت ہیں تو ضروری کارروائی کریں، وزیر اعلیٰ بھی رہا ہوں، ایک پائی کی کرپشن کا بھی الزام نہیں ہے، میری وزارت میں فرقے کی بنیاد پر مسجد الاٹ نہیں کی جاتی، تفرقہ بازی کے خلاف ہیں، ہماری پالیسی ہے کہ سب مسلمان ایک مسجد میں نماز پڑھیں اس حوالے سے میں نے پالیسی تبدیل کرائی اور مسجد کی فرقوں کو الاٹمنٹ ختم کردی اور پالیسی بنائی کہ ہائوسنگ کی وزارت اپنے سیکٹروں میں مسجد خود بنائے گی اور مسجد بن جائے گی تو ہائوسنگ کی وزارت اشتہار دے کر کوالیفائیڈ امام رکھے گی لیکن ایک سیکٹر میں مسجد کے پلاٹ کا تنازعہ عدالت میں چلا گیا اور مسجد کے ایک پلاٹ کے معاملے پر مجھ پر کروڑوں کی کرپشن کا الزام لگادیا گیا، مسجد کے پلاٹ میں کروڑوں کی کرپشن کہاں سے آگئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اس حکومت نے سڑکوں کے لئے جتنے فنڈ دیئے ہیں کسی حکومت نے نہیں دیئے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر کے ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فیڈرل لاج بم دھماکے سے تباہ ہو گیا تھا اس کی تزئین کی گئی ہے، کوئٹہ میں قیام کے لئے جگہ کا مسئلہ ہے، اس لئے فیڈرل لاجز میں پانچ اضافی کمرے بنائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں