پی ٹی وی حملہ سمیت 4 مقدمات میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد،26 فروری کو طلب

جمعہ 23 فروری 2018 14:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 فروری2018ء) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی حملہ سمیت چار مقدمات میں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف چار مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد کا کیس بھی شامل ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف ان کیسز میں پولیس کو بیان ریکارڈ کراچکے ہیں اور عدالت نے چاروں مقدمات میں انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔عمران خان نے گزشتہ روز اپنے وکیل بابر اعوان کے ذریعے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں عدالت سے نمائندے کے ذریعے ٹرائل کی استدعا کی تھی اور موقف اختیار کیا کہ حاضری سے استثنا دینا عدالت کا اختیار ہے، سپریم کورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ ٹھوس وجوہات پر استثنا مل سکتا ہے، اہم تاریخوں پر درخواست گزار عدالتی حکم پر پیش ہونے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے درخواست پر سماعت کی اور عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے کہا کہ عمران خان کو 26 فروری کو طلب کررکھا ہے، اسی روز ہی اس درخواست پر کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں