ہمارے کیس میں کچھ نہیں، پھر بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، تحریک انصاف بنی ہی عامر لیاقت حسین جیسے لوگوں کیلئے ہے۔ نواز شریف

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 20 مارچ 2018 10:05

ہمارے کیس میں کچھ نہیں، پھر بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، تحریک انصاف بنی ہی عامر لیاقت حسین جیسے لوگوں کیلئے ہے۔ نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارے کیس میں کچھ نہیں لیکن پھر بھی کچھ نکالا جا رہا ہے اور نئے ریفرنسز دلیپ کمار کی فلم جیسے ہیں۔ احتساب عدالت کے کمرے میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جب پرانے ریفرنس میں کچھ نہیں نکلا تو نئے ریفرنس کیوں دائر کیے، رینٹل پاور اور این آئی سی ایل جیسے کیسز ہیں جن پر کرپشن ثابت ہوئی ہے، ان ریفرنسز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ صرف میرے والد کے کاروبار کے پیچھے ہی پڑے ہوئے ہیں، اگر حساب لینا ہے تو 1937سے لیں، ہمیں اللہ تعالی نے 1937 سے نوازنہ شروع کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ جتنے دستاویزات پیش ہوئے وہ ہم نے خود فراہم کیں، کیس میں کوئی جان نہیں ہے، پہلے چھ ماہ میں کیا ثابت ہوا جو اب نئی چیزیں مل گئی ہیں، ہمارے کیس میں کچھ نہیں،پھر بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، نئے ریفرنسز دلیپ کمار کی فلم جیسے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ عامر لیاقت حسین کی تحریک انصاف میں شمولیت پر کیا کہیں گے۔ جس پر نواز شریف نے مسکرا کر کہا کہ شکر الحمد اللہ مسلم لیگ ن میں تو شامل نہیں ہوئے۔ تحریک انصاف بنی ہی عامر لیاقت حسین جیسے لوگوں کیلئے ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عامر لیاقت حسین کچھ سال پہلے مسلم لیگ ن میں شامل ہونا چاہتے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں