اسحاق ڈار نیب ریفررنس‘ہائی کورٹ بار کے صدر کی جج سے غنڈہ گردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 3 اپریل 2018 15:11

اسحاق ڈار نیب ریفررنس‘ہائی کورٹ بار کے صدر کی جج سے غنڈہ گردی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03اپریل۔2018ء) احتساب عدالت میں سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس میں شریک ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی، ملزم منصور رضا کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری جبکہ ان کے وکیل جاوید اکبر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی،ضمنی ریفرنس میں نامزد تینوں ملزمان پر آج بھی فرد جرم عائد نہ سکی۔

دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر اور ملزم منصور رضا کے وکیل جاوید اکبر شاہ نے معززجج سے بدتمیزی بھی کی،عدالت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں ملزم منصور کا وکیل ہوں، مجھے التواءچاہیے،جج محمد بشیرنے کہا کہ آپ آرام سے بات کریں اور اپنا وکالت نامہ دیں۔

(جاری ہے)

جاوید اکبرشاہ نے کہا کہ آپ کیا مجھے گولی ماردیں گے اوراپنا وکالت نامہ جج کے سامنے پھینک کرملزم منصوررضا کو ساتھ لے کر عدالت سے باہر چلے گئے اور جاتے ہوئے کہا کہ خود بھی جا رہا ہوں، ملزم کو بھی لے جا رہا ہوں۔

جس کے بعد عدالتی پیش کار نے ملزم کی طلبی کیلئے 3بارآوازلگائی، ملزم کے پیش نہ ہونے پرناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کردیئے۔احتساب عدالت نے صدرہائیکورٹ بار جاوید اکبرشاہ کوشوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 اپریل تک ملتوی کردی۔ وکیل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ جج صاحب نے قبل ازوقت عدالت لگائی ،موجودگی کے بعد ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنا غیرقانونی ہے۔وکیل جاوید اکبرنے وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست دی توعدالتی عملے نے سماعت ملتوی ہونے کا بتایا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں