وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے،

وزیر اعظم خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر اور عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی طرف مبذول کرائیں گے

منگل 3 اپریل 2018 16:53

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آج بدھ کو آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کریں گے اور عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی طرف مبذول کرائیں گے۔

توقع ہے کہ وزیراعظم مسئلہ کشمیر اور علاقائی امن کیلئے اس کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے اور اس کے ساتھ ساتھ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق خلاف صریح خلاف ورزیوں کو نمایاں کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیں گے کہ وہ بگڑتی ہوئی صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ پاکستان 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منائے گا جس میں بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھرپور انداز میں یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ مظالم سے پیدا ہونے والی ابھرتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے وادی میں مواصلاتی خدمات کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی آواز کو خاموش کرانے کی کوشش قرار دیا۔

توقع ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال اور ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال کارروائیوں کو بھی اجاگر کریں گے جس سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ وفاقی کابینہ پہلے ہی انسانی حقوق کے ہائی کمشنر اور او آئی سی کے مستقل انسانی حقوق کمیشن کو درخواست کر چکی ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں فوری طور پر فیکٹ فائنڈنگ مشنز بھجوائیں۔ وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست کا بھی اعادہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں