سینئر وزیرآزاد کشمیر چودھری طارق فاروق کی وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی حالیہ پرشدد کارروائیوں سے پیدہ شدہ صورتحال، علاقائی امن بارے تبادلہ خیال

منگل 3 اپریل 2018 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) آزاد جموں و کشمیرحکومت کے سینئر وزیر چودھری طارق فاروق نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری محمد برجیس طاہر سے ملاقات کی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ پر تشدد کارروائیوں سے پیدا ہونے والی صورت حال اور علاقائی امن کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

وفاقی وزیر نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جعلی پولیس مقابلوں میں نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی شدید الفاط میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرنے کے لئے جو منظم کارروائی کر رہا ہے اُس میں اُسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عالمی برادری اور خصوصاآو آئی سی ممالک سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں کی جاری نسل کُشی کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ستر سالوں میں لاکھوں کشمیریوں کی شہادت کے باوجود بین الاقوامی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم و تشدد کے تمام حربے آزما رہا ہے اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کو کچلنے کے لئے جس درندگی کا مظاہرہ کر رہا ہے اُس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف بھارت کی جارحیت اور جنگی جنون علاقائی امن کے لئے انتہائی خطر ناک ہے جو کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔ملاقات میں آزاد کشمیر کے سینئر وزیر نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے کشمیریوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایل او سی کے دونوں اطراف کشمیری بھارت کے ظلم و تشدد اور جارحیت کا بڑے حوصلے اور عزم سے مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ وہ اپنے تمام حربوں کے باوجود نہ تو پچھلے ستر سال میں کشمیریوں کو حق خودارادیت کے پیدائشی حق سے دستبردار کروا سکا ہے اور نہ ہی آئندہ آنے والے وقت میں وہ اس حق کے حصول میں کشمیریوں کے اس عزم میں کمی لا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ غیور و بہادر کشمیری بھارت سے اپنا حق چھین کر رہیں گے اور بھارت کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نوازمیں ہی ہے۔ چوہدری طارق فاروق نے مسئلہ کشمیر پر وفاقی حکومت کی جانب سے مسلسل سیاسی ،سفارتی و اخلاقی حمایت پر وفاقی حکومت اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں