اُردو پوائنٹ پاکستان اسلام آباداسلام آباد کی خبریںْسمندر پار پاکستانی ملکی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ..

ْسمندر پار پاکستانی ملکی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، محمد صادق سنجرانی

, پاک سعودیہ تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں ،یہ دین، ثقافت اور باہمی اقدار میں ہم آہنگی کی صورت میں نظر آتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کا پاکستانی کمیونٹی سے خطاب

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 اپریل2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملکی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، پاک سعودیہ تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں ،یہ دین، ثقافت اور باہمی اقدار میں ہم آہنگی کی صورت میں نظر آتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یہ بات منگل کو سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اُمتِ مسلمہ کا دینی و روحانی مرکز ہے اور یہاں آ کر تمام مسلمانوں کو روح کی تسکین و تازگی ملتی ہے، اس مقدس ملک میں پاکستانیوں کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھی ہر ممکن کوشش کرتی ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے تمام تر مسائل حل کئے جائیں اور پاکستان میں بسنے والے ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سہولت میسر کی جائے۔

(خبر جاری ہے)

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ اس حوالہ سے متعدد اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں اور ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی میں بھی سمندر پار پاکستانیوںکو درپیش مسائل کا نہ صرف جائزہ لیا جاتا ہے بلکہ سفارشات بھی دی جاتی ہیں۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سعودی عرب میں قائم سفارتخانے میں عملہ کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے جو کہ خوش آئند اقدام ہے۔

چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سعودی عرب میں قیام پذیر پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں اور ملک کی ترقی میں ان کی کاوشوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانیوں کی کارکردگی قابل تحسین ہے جو پاکستان کیلئے قابل فخر ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے پاکستانی کمیونٹی پر واضح کیا کہ سعودی عرب او ر پاکستان کی حکومت اور عوام کے درمیان بے مثال تعلقات کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں اور اسی طرح دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں پختگی اور گرمجوشی واضح دکھائی دیتی ہے، یہ تعلقات دین، ثقافت اور باہمی اقدار میں ہم آہنگی کی صورت میں نظر آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہم سب کا مذہبی و روحانی مرکز ایک ہی ہے، اس سے پھوٹنے والی رحمت کی کرنوں نے ساری دنیا کو منور کیا۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پورے عالم اسلام کے حجاج کرام اس بات کے گواہ ہیں کہ سعودی عرب کی حکومت نے ہمیشہ حجاج کرام کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی اور زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے خانہ کعبہ کی توسیع کے عمل کو بھی جاری رکھا ہوا ہے۔ سعودی حکومت دنیا بھر میں کسی بھی جگہ حادثات اور قدرتی آفات کے موقع پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد دینے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہوتا ہے اس لئے اس مملکت کو مملکت انسانیت بھی کہا جاتا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں -

اسلام آباد شہر کی مزید خبریں