پاکستان عالمی ادارہ خوراک کے ساتھ طویل عرصہ سے منسلک ہے ، شاہد خاقان عباسی

پاکستان موجودہ امداد و بحالی کی کارروائیوں کیلئے 5 کروڑ ڈالر ادا کر رہا ہے‘ دنیا بھر میں عالمی ادارے کی اپنے مقاصد کے حصول کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں،وزیراعظم کی عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ ایم بیسلے سے گفتگو

منگل 3 اپریل 2018 22:32

پاکستان عالمی ادارہ خوراک  کے ساتھ طویل عرصہ سے منسلک ہے ، شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کا ہے کہ پاکستان عالمی ادارہ خوراک کیساتھ طویل عرصہ سے منسلک ہے ‘ پاکستان موجودہ امداد و بحالی کی کارروائیوں کیلئے 5 کروڑ ڈالر ادا کر رہا ہے‘ دنیا بھر میں عالمی ادارے کی اپنے مقاصد کے حصول کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات منگل کو اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ ایم بیسلے سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

ملاقات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی ادارہ خوراک سے طویل عرصہ سے منسلک ہے اور عالمی ادارہ خوراک میں اسے منفرد امداد لینے کا درجہ حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ امداد و بحالی کی کارروائیوں کیلئے 5 کروڑ ڈالر ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو مبارکباد دی اور دنیا بھر میں اپنے مقاصد کے حصول کیلئے عالمی ادارہ کی کاوشوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے غربت کے خاتمہ، خوراک کی فراہمی اور غذائیت کو بہتر بنانے کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے صف اول کے ادارہ کے طور پر پاکستان میں عالمی ادارہ خوراک کی تعریف کی۔ اس موقع پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور عالمی ادارہ خوراک کے درمیان ناقص غذاء کے خلاف ایک ہزار دن کی شراکت کے موضوع کے حوالہ سے مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے۔

2018ء سے 2022ء تک کیلئے مفاہمت کی یادداشت کا تعلق عالمی ادارہ خوراک کے پاکستان کی اپنی ترقیاتی ترجیحات، پاکستان کے وژن 2025ء اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں مدد کیلئے سٹرٹیجک مقاصد سے ہے۔ مفاہمت کی یادداشت کے اہم مقاصد میں سکولوں میں خوراک کے نظام کو بہتر بنا کر داخلوں کی شرح میں اضافہ، ہنگامی امداد کے طریقہ کار کیلئے تیاری کی صورتحال کو بہتر بنانا اور پاکستان کے سماجی تحفظ کو غذائیت کے پروگرام کے لحاظ سے بہتر بنانا اور پروگرام کے طویل مدتی پائیدار اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری و نجی شراکت شامل ہے۔

عالمی ادارہ خوراک کے کنٹری ڈائریکٹر فنبر کرن اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری عمر حمید خان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ عالمی ادارہ خوراک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تعلیم کے فروغ، غربت میں کمی اور خواتین کے مسائل کے حوالہ سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار کو سراہا۔ ڈیوڈ بیسلے نے اس شعبہ میں اپنے ادارہ کی طرف سے سہولت فراہم کرنے اور مدد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ امید ہے حکومت پاکستان کے اقدامات سے صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں