وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

مالی سال 2018-19ء سے 2020-21ء کے لئے میزانیاتی حکمت عملی دستاویز کی منظوری دے دی

منگل 17 اپریل 2018 18:12

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) وفاقی کابینہ نے مالی سال 2018-19ء سے 2020-21ء کے لئے میزانیاتی حکمت عملی دستاویز کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منگل کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ خزانہ ڈویژن نے بجٹ سٹریٹجی پیپر برائے مالی سال 2018-19ء تا 2020-21ء پیش کیا اور مالی سال 2017-18ء کے اقتصادی اشاریوں کے بارے میں کابینہ کو آگاہ کیا۔

سیکریٹری خزانہ نے آگاہ کیا کہ بجٹ حکمت عملی مالی سال 2018-19ء تا 2020-21ء چار وسیع البنیاد اہداف پر مبنی ہے جن میں پائیدار نمو، مالیاتی استحکام کو یقینی بنانا، ادائیگیوں کے توازن کا انتظام کرنا اور قرضوں کو برداشت کرنے کو یقینی بنانا شامل ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ حال ہی میں اعلان کردہ اقتصادی اصلاحات پیکیج میں ٹیکسوں کی شرح میں کمی، ٹیکس بنیاد کو وسعت دینا، رئیل اسٹیٹ اصلاحات، مقامی ایمنسٹی اور بیرونی مبادلہ نظام کو سخت کرنا شامل ہے جس سے محصولات میں اضافہ ہوگا اور خسارے میں کمی میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قرضوں کے حصول کی بجائے پائیدار آمدن اور محصولات سے ملک کو فائدہ ہوگا۔ بجٹ حکمت عملی دستاویز پر کابینہ نے تفصیل سے غور و خوض کیا جبکہ کئی کابینہ ارکان نے آئندہ بجٹ تجاویز کے لئے کئی مفید تجاویز پیش کیں۔ کابینہ نے بجٹ سٹریٹجی برائے مالی سال 2018-19ء تا 2020-21ء منظور کرلی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں