سپریم کورٹ نے سرکاری اداروں کی لگژری گاڑیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی

منگل 17 اپریل 2018 21:15

سپریم کورٹ نے سرکاری اداروں کی لگژری گاڑیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے سرکاری اداروں کی لگژری گاڑیوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کر دی۔ منگل کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سرکاری اداروں کی لگڑری گاڑیوں سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہم نے لگژری گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کیا تھا، ریکارڈ طلبی پر ایک ادارے نے گاڑیاں تہہ خانے میں چھپا دیں، اطلاع ملی ہے کہ ایک عمارت میں27 گاڑیاں چھپائی گئی ہیں، ایڈیشنل رجسٹرار کو تہہ خانے کے معائنے کے لیے بھیجا تو انہیں بھی گاڑیاں دیکھنے کی اجازت نہ دی گئی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ گاڑیاں چھپانے والی کمپنیاں پنجاب کی ہیں،کروڑوں، اربوں روپے کی گاڑیاں کیوں چھپائی جارہی ہیں۔ دوران سماعت درخواست گزار نے بتایا کہ گاڑیاں چھپانے والی کمپنیوں میں نیشنل پاور پارک مینجمنٹ، قائداعظم تھرمل پاور کمپنی اور انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ معلوم کریں گاڑیاں چھپانے کاحکم کس نے دیا ہی بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں