طبیبہ تشدد کیس ،ْ

سزا پانے والے سابق جج نے فیصلے کو چیلنج کردیا ٹرائل کے بعد طیبہ تشدد کیس کا 27 مارچ کو محفوظ کیا گیا فیصلہ 17 اپریل کو سنایا گیا تھا

جمعہ 20 اپریل 2018 14:52

طبیبہ تشدد کیس ،ْ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) طیبہ تشدد کیس میں سزا پانے والے سابق جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے طیبہ تشدد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ کو ایک ایک سال قید اور 50،50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جسے ہائیکورٹ میں ہی چیلنج کردیا گیا ۔

سزا پانے والے دونوں میاں بیوی نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ اپیل کیلئے خصوصی ڈویژن بینچ تشکیل دے کر سماعت کی جائے۔یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ٹرائل کے بعد طیبہ تشدد کیس کا فیصلہ 27 مارچ کو محفوظ کیا جو 17 اپریل کو سنایا گیا۔

(جاری ہے)

فیصلے کے روز ہی سابق جج راجا خرم علی اور ان کی اہلیہ نے ضمانت کے لیے درخواست دی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا۔

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کا واقعہ 27 دسمبر 2016 کو پیش آیا تھا اور پولیس نے 29 دسمبر کو سابق ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم کے گھر سے طیبہ کو تحویل میں لیا تھا۔تشدد کے واقعہ میں ملوث دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔3 جنوری 2017 کو کیس میں اہم موڑ آیا اور طیبہ کے والدین کی جانب سے راجا خرم اور ان کی اہلیہ کو معاف کرنے کی رپورٹس سامنے آئیں تاہم راضی نامہ سامنے آنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر پولیس نے 8 جنوری 2017 کو طیبہ کو بازیاب کرا کے پیش کیا تھا جبکہ عدالتی حکم پر 12جنوری 2017 کو راجا خرم علی خان کو بطور جج کام کرنے سے روک دیا گیا تھا۔بعدازاں چیف جسٹس آف پاکستان نے مقدمے کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادیا تھا جہاں 16 مئی 2017 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔اس مقدمے میں مجموعی طور پر 19 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں 11 سرکاری جبکہ طیبہ کے والدین سمیت 8 غیر سرکاری افرادشامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں