ووٹر رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 30 اپریل تک کی توسیع

منگل 24 اپریل 2018 22:14

ووٹر رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں 30 اپریل تک کی توسیع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں میں ردوبدل اور ووٹر رجسٹریشن کی تاریخ میں 30 اپریل تک کی توسیع کر دی۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نئے ووٹرز کی رجسٹریشن اور ووٹ کی تبدیلی کیلئے 26 مارچ کو شروع کی جانے والی مہم کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کی گئی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق شہریوں کے مطالبے پر تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کی گئی جس کے بعد شہری 30 اپریل تک ڈسپلے سینٹرز میں جا کر ووٹ کی تبدیلی، نام یا پتے کی درستگی اور نئے ووٹ کی رجسٹریشن کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ووٹ اور انتخابی حلقے سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شناختی کارڈ نمبر کو 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔خیال رہے کہ ای سی پی کی جانب سے جاری کی جانے والی ابتدائی انتخابی فہرست کے مطابق ملک میں کل ووٹر کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 582 ہے جس میں پنجاب سے 5 کروڑ 97 لاکھ 40 ہزار 95، سندھ سے 2 کروڑ 20 لاکھ 66 ہزار 558، خیبرپختونخوا سے 15 لاکھ 75 ہزار 616، بلوچستان سے 41 لاکھ 94 ہزار 311، وفاق کے زیر انتظام علاقے (فاٹا) سے 24 لاکھ 60 ہزار 804 اور اسلام آباد سے 7 لاکھ 30 ہزار 197 ووٹرز شامل کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ای سی پی کے مطابق نئی انتخابی فہرست میں 80 لاکھ نئے ووٹرز شامل ہیں تاہم اعداد وشمار کی رو سے 21 فیصد ووٹرز گزشتہ انتخابات 2013 کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کیے گئے۔اس بارے میں بتایا گیا کہ انتخابی فہرست 2013 میں شامل 8 لاکھ ووٹرز کو نئی انتخابی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں