پاکستان اور ترکی کے انتہائی قریبی اورگرم جوش تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں،

ہمارے درمیان برادرانہ تعلقات انتہائی گہرے اور غیر معمولی ہیں جنہیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، عالمی بحرانوں کے حل کے سلسلے میں ترکی کا کردار انتہائی مثبت ہے، صدر مملکت ممنون حسین کا ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہلوسی آکار سے ملاقات کے دوران اظہار

جمعہ 4 مئی 2018 16:09

پاکستان اور ترکی کے انتہائی قریبی اورگرم جوش تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے انتہائی قریبی اورگرم جوش تعلقات خطے میں استحکام اور ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل ہلوسی آکار سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔

اس موقع پر ترک سفیر احساں مصطفی یوردا کول کے علاوہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات انتہائی گہرے اور غیر معمولی ہیں جنہیں الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بحرانوں کے حل کے سلسلے میں ترکی کا کردار انتہائی مثبت ہے۔

(جاری ہے)

اس نے مشرق وسطیٰ کے بحران اور خاص طور پر مہاجرین کے مسئلے کو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ نمٹانے کی کوشش کی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ترکی نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کے منصفانہ موقف کی تائید کی ہے جس پر ہم ترک بھائیوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی قبرس کے معاملے میں ترکی کا موقف منصفانہ ہے جس پر پاکستان اس کی غیر مشروط تائید کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل اور دونوں ملکوں میں عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔

صدر مملکت نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی جرات مندانہ قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالم اسلام کے جرات مند لیڈر ہیں جو مسلم امہ کودرپیش چیلنجوں اور مسائل پر انتہائی درست اور منصفانہ موقف اختیار کرتے ہیں جن سے مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاع سمیت ترقی کے مختلف شعبوں میں انتہائی قریبی تعلقات ہیں جن میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ ہوتا جائے گا۔

انہوں نے معزز مہمان سے کہا کہ وہ ان کی نیک خواہشات ترکی کے صدر برادر رجب طیب اردوان تک پہنچا دیں۔ ترک مسلم افواج کے سربراہ جنرل جنرل ہلو سی آکار نے پر جوش مہمان نوازی پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل مرحلے پر ترکی کا ساتھ دیا جس پر ترک قوم پاکستانی عوام کی شکر گزار ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں