ایون فیلڈ ریفرنس میں سوالنامے پر اعتراض ، نواز شریف، مریم نواز، کپٹن صفدر کے بیانات قلمبند نہ ہو سکے

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعہ 18 مئی 2018 10:36

ایون فیلڈ ریفرنس میں سوالنامے پر اعتراض ، نواز شریف، مریم نواز، کپٹن صفدر کے بیانات قلمبند نہ ہو سکے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مئی۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل نے ایون فیلڈ ریفرنس میں تیار کیے گئے سوالنامے پر اعتراض عائد کر دیئے، جس کے باعث ملزمان نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بیانات قلمبند نہ ہوسکے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت شروع کی تو سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ملزمان کو دئیے گئے سوالنامہ پر اعتراض اٹھا دیا اور موقف اپنایا کہ کچھ سوالات مبہم ہیں جن میں درستگی کی ضرورت ہے۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مزید وقت دینے کی استدعا کی، جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ حارث تعاون نہیں کر رہے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ایئرکنڈیشنڈ، پنکھے اور لائٹس بند کر کے کمپیوٹر پر سوالنامہ تیار کیا، اب مزید وقت مانگا جا رہا ہے، ہم تو سوالنامہ بھی دینے کو تیار نہ تھے، عدالت نے ان کی سہولت کے لیے سوالنامہ تک انہیں دے دیا، خواجہ حارث عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے خواجہ حارث کی مزید وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ آخری موقع دے رہے ہیں پیر کو ملزمان کے بیانات قلمبند ہونگے۔ ایون فیلڈ کی پیر کو سماعت کے باعث العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت اب منگل کو ہوگی، استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء پر العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں جرح منگل کو ہو گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں