پیغام پہنچانے والے ماتحت ادارے کے افسر کو ملکی مفاد میں برطرف نہیں کیا، نواز شریف

Fahad Shabbir فہد شبیر جمعرات 24 مئی 2018 10:07

پیغام پہنچانے والے ماتحت ادارے کے افسر کو ملکی مفاد میں برطرف نہیں کیا، نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مئی۔2018ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پیغام پہنچانے والے ماتحت ادارے کے افسر کو ملکی مفاد میں برطرف نہیں کیا۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران صحافی کے سوال 'ماتحت ادارے کے جس سربراہ نے آپ کو پیغام پہنچایا اس سے استعفا کیوں نہیں لیا' کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ میں نے تحمل، درگزر، بردباری اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔

نواز شریف نے کہا کہ میں اس ادارے کے سربراہ کو برطرف کر سکتا تھا لیکن ملکی مفاد میں برطرف نہیں کیا اور درگزر سے کام لیا۔صحافی کے سوال 'اگر سر جھکاکے نوکری نہیں کی تو مشاہداللہ اور پرویز رشید سے استعفا کیوں لیا؟'  کا جواب دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مشاہداللہ اور پرویز رشید سے استعفا لینا بھی اس بردباری اور درگزر کا نتیجہ ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے، عدالت کے سامنے معاملہ آیا تو میں نے بتا دیا، حقائق تھے جو منظر عام پر آنا چاہیے تھے، ان مسائل نے 70سال سے ہماری جان نہیں چھوڑی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کا گزشتہ روز عدالت میں اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے عدالت کو بتانا تھا کہ ایک خفیہ ادارے کے افسر کا پیغام پہنچایا گیا کہ مستعفی ہوجاؤ یا طویل رخصت پر چلے جاؤ، مجھے اس کا دکھ ہوا کہ ماتحت ادارے کا ملازم مجھ تک یہ پیغام پہنچا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں