فاٹا کا صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام خوش آئند ہے، عائشہ گلالئی

جمعرات 24 مئی 2018 18:22

فاٹا کا صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام خوش آئند ہے، عائشہ گلالئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ فاٹا کا صوبہ خیبرپختونخوا میں انضمام خوش آئند ہے، انضمام کے خلاف سازش کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا میں ضم کرکے قبائلی عوام کے دل جیت لئے ہیں، اس پرمسرت موقع پر میں فاٹا کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، فاٹا انضمام سے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھ جائے گا جس سے فاٹا کے عوام کو اعلیٰ عدالتوں تک رسائی ہو سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد فاٹا سے صوبہ کا پہلا وزیراعلیٰ ہونا چاہئے جس سے ملک میں ایک اچھا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری مرتبہ ایک منتخب جمہوری حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرنے جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں