کیا عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لے گی؟

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے بڑی خبر دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جون 2018 12:29

کیا عام انتخابات کے بعد تحریک انصاف پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لے گی؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جون 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید سے سوال کیا گیا کہ اگر عام انتخابات میں کسی ایک جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملتی تو کیا پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنا لیں گے؟ جس پر عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بلاول لال حویلی آنا چاہتے تھے تب بھی عمران خان اتنا راضی نہیں تھا، پیپلز پارٹی کو لے کر عمران خان کے کچھ تحفظات ہیں۔ مسلم لیگ ن کے ساتھ نہ جانا تو ٹھیک بات ہے، مسلم لیگ ن کے ساتھ جانا بھی نہیں چاہئیے کیونکہ وہ چور ،ڈاکو اور لُٹیرے ہیں،کرپٹ ہیں، لیکن میں عمران خان کو پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے لیے راضی کرنےکی کوشش کروں گا۔

(جاری ہے)

کیونکہ اگر عام انتخابات میں واضح اکثریت نہ ملی تو حکومت بنانے کے لیے دوسرے لوگوں کو بھی ساتھ شامل کرنا چاہئیے۔ لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ اس وقت کیا صورتحال بنتی ہے کیونکہ عمران خان تو اس ضد پر قائم ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر حکومت نہیں بنائے گا۔ خیال رہے کہ عام انتخابات کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے اپنے 60 فیصد سے زائد اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دیا ہے جس کے بعد سے انتخابی اُمیدواروں نے اپنی اپنی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس پانامہ کیس اور سپریم کورٹ سے نواز شریف کی نا اہلی کے بعد سے ہی پی ٹی آئی کی سیاسی فتوحات میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک کی معروف سیاسی جماعتوں اور پی ٹی آئی کی حریف جماعتوں سے بھی کئی رہنما پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو چکے ہیں جس کے تحت یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کوعام انتخابات 2018ء میں واضح اکثریت حاصل ہو سکتی ہے، جبکہ عام انتخابات 2018ء کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت بننے کے امکانات زیادہ روشن ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں