سکھ رپورٹر کے بعد اب سکھ نیوز کاسٹر بھی

سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے ہرمیت سنگھ نے نجی ٹی وی چینل جوائن کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 جون 2018 15:23

سکھ رپورٹر کے بعد اب سکھ نیوز کاسٹر بھی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2018ء) : پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ پاکستان بھر میں موجود اقلیتی برادری کے لوگ مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، یہی نہیں بلکہ پاک فوج میں بھی سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے کئی لوگ موجود ہیں جو اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں۔

حال ہی میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون رپورٹر نے نجی ٹی وی چینل جوائن کیا جس پر انہیں خوب سراہا گیا تاہم اب ایک سکھ نوجوان نے بطور نیوز کاسٹر نجی ٹی وی چینل جوائن کر لیا ہے جو پاکستان میں مذہبی آزادی اور اقلیتوں کے تحفظ کا عملی نمونہ ہے۔ ہرمیت سنگھ نامی یہ سکھ برادری سے تعلق رکھتے ہیں اور پاکستان میں ہی پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

ہرمیت سنگھ کے نیوز کاسٹر بننے سے پاکستان کی الیکٹرانک میڈیا سوسائٹی میں ایک تاریخ رقم ہو جائے گی جس کے تحت ایک سکھ نوجوان الیکٹرانک میڈیا پر نیوز کاسٹر کی ڈیوٹی انجام دے گا۔

نجی ٹی وی چینل ''پبلک نیوز'' کو گذشتہ روز لانچ کیا گیا۔ لانچنگ تقریب میں ہرمیت سنگھ کا تعارف نیوز ٹیم کے ممبر کے طور پر کروایا گیا۔ ہرمیت سنگھ نے وفاقی اُردو یونیورسٹی کراچی سے صحافت میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ، ہرمیت میڈیا میں اپنی خدمات کی بنا پر کئی ایوارڈز بھی حاصل کر چکا ہے۔ ہرمیت کو بہترین کالم نگار اور رپورٹرز کا ایوارڈ دیاگیا۔

میڈیا ذارئع کے مطابق ہرمیت میڈیا میں اپنا نام کمانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہرمیت سے میڈیا میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق دریافت کیا گیا تو ہرمیت نے کہاکہ میری محنت رنگ لے آئی ہے، سکھ ہونے کی وجہ سے مجھے کبھی کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔میڈیا ذارئع کا ماننا ہے کہ ہرمیت کے الیکٹرانک میڈیا پر بطور نیوز کاسٹر آنے سے پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا اور اقلیتیوں کی بھی اس حوالے سے حوصلہ افزائی ہو گی تاکہ وہ پاکستان کے محکموں میں آگے بڑھ کر کام کر سکیں اور اپنے ملک کے لیے خدمات سرانجام دے سکیں۔ قبل ازیں پاکستان کی پہلی سکھ ٹی وی رپورٹر من میت کور کے بلند عزائم نے بھی ان کو پاکستانی خواتین کے لیے مثال بنا دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں