احتساب عدالت اسلام آباد کے جج نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جیل میں قید کرنے کے احکامات جاری کردیئے

جمعہ 13 جولائی 2018 23:42

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج نے نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جیل میں قید کرنے کے احکامات جاری کردیئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جیل میں قید کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ احتساب عدالت نے سب ڈویژن مجسٹریٹ اسلام آباد وسیم احمد کو مجسٹریٹ مقرر کردیا ہے جو مجرمان کو جیل سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کریں گے۔

پراسیکیوٹر نیب کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر محمد نواز شریف اور مریم نواز کو احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا جاسکا جس کے بعد احتساب عدالت نے جوڈیشل وارنٹ کے لئے مجسٹریٹ مقرر کردیا۔ احتساب عدالت نے نواز شریف اور مریم نواز کی قید کا وارنٹ جاری کردیا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری کے لئے مجسٹریٹ کا تقرر بھی کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مجسٹریٹ اڈیالہ جیل جاکر دونوں مجرموں کو سپرنٹنڈنٹ کے حوالے کریں گے۔ دریں اثناء چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری نے سہالہ پولیس ریسٹ ہائوس کو سب جیل کا درجہ دے دیا ہے۔ اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد نے ضابطہ فوجداری 1860 کے سیکشن 541 جس کو پریزن ایکٹ 1894 کے سیکشن تین کے ساتھ ملا کر پڑھا جائے‘ اور وزارت انصاف و پارلیمانی امور کی جانب سے 31 دسمبر 1980ء کو جاری کردہ آفس لیٹر نمبر F17(2)80 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے سہالہ پولیس ٹریننگ کالج ریسٹ ہائوس کو سب جیل کا درجہ دیا گیا ہے جہاں سزا یافتہ مجرمان محمد نواز شریف سابق وزیراعظم پاکستان اور مریم نواز کو قید رکھا جائے گا جنہیں نیب حکام نے گرفتار کیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں