’میری زندگی کے صرف دو ہی مقصد ہیں‘

ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے بعد جانتے ہیں چیف جسٹس نے کیا اعلان کردیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 جولائی 2018 13:11

’میری زندگی کے صرف دو ہی مقصد ہیں‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جولائی 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اپنی زندگی کے دو مقاصد سے متعلق بتا دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ میری زندگی کے دو ہی مقصد ہیں جن میں پہلا ڈیمز تعمیر کرنا اور دوسرا اپنے ملک کا قرض اُتارنا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں کچی آبادیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو بدترین مسائل کا سامنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کچی آبادیوں والے بھی انسان ہیں۔ میری زندگی کے دو ہی مقصد ہیں۔ پہلا مقصد ڈیمز کی تعمیر کرن اور دوسرا اس ملک کا قرض اتارنا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں ریٹائر ہو کر بھی اس پر کام جاری رکھوں گا۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ آج ہر پیدا ہونے والا بچہ ایک لاکھ 17 ہزار کا مقروض ہے، ہم نے اپنی پانچ نسلوں کو مقروض کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں آئندہ آنے والی نسلوں کو مقروض چھوڑ کر نہیں جانا، ڈیمز اور پانی والے مسئلے کے بعد قرضوں والا کام شروع کریں گے۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے ملک میں دو ڈیمز دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے احکامات جاری کر رکھے ہیں ۔ ڈیمز کی تعمیر کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان نے سب سے پہلے اپنی جیب سے 10 لاکھ روپے عطیہ کیے تھے جس کے بعد یہ ٹرینڈ بن گیا اور پاک افواج سمیت ملک کے مختلف اداروں اور عام عوام نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈز میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

یہی نہیں بلکہ دیامربھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کی فنڈنگ کے لیے ایس ایم ایس سروس بھی متعارف کروادی گئی ہے۔ڈیمز کی تعمیر کی فنڈنگ کے لیے ایس ایم ایس کا آسان طریقہ کار بھی متعارف کروایا گیا جس کے تحت موبائل صارفین میسج سروس کے ذریعے 10 روپے ڈیموں کے اکاؤنٹ میں عطیہ کرسکتے ہیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں انتہائی سادہ طریقہ کار بتایا گیا۔

 موبائل صارفین اپنے موبائل کے میسج میں ’ڈیم‘ لکھیں اور یہ پیغام ’8000‘ پر ارسال دیں۔میسج بھیجنے کے کچھ دیر بعد صارف کو ایک تصدیقی پیغام بھی موصول ہو گا۔ واضح رہے کہ پاکستانی عوام میں موجود محب وطن پاکستانیوں نے بھی پانی کی قلت سے چھُٹکارا پانے اور ڈیمز کی تعمیر کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق فنڈ جمع کروانا شروع کر دئے ہیں۔ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ2018ء (“DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018”)رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں