ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

قید، جرمانے اور جائیداد قرقی کا حکم کالعدم قرار دے دیا جائے،اپیلوں کا فیصلہ آنے تک نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانت پر رہا کیا جائے، درخواست میں موقف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 16 جولائی 2018 10:56

ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ  اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جولائی 2018ء) ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چینلج کر دیا گیا۔درخواست میں ایون فیلڈ ریفرنس سے متعلق احتساب عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ قید، جرمانہ اور جائیداد قرقی کا حکم کالعدم قرار دے دیا جائے۔اپیلوں کا فیصلہ آنے تک نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو بری کیا جائے۔اپیل میں ا حتساب عدالت کے جج اور نیب کو فریق بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ اپیلوں کا فیصلہ آنے تک نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

اور ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا جائے۔اپیل کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے انصاف کے تقاضے پورے کیے بغیر سزا سنایا۔اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ ضمنی ریفرنس اور عبوری ریفرنس کے الزامات میں تضاد تھا، صفائی کے بیان میں بتادیا تھا کہ استغاثہ الزام ثابت کرنے میں ناکام ہوگیا تھا اس لیے شک کا فائدہ ملزم کو ہوتا ہے، احتساب عدالت کے جج مس کنڈکٹ کے مرتکب ہوئے۔

رہنما مسلم لیگ ن بیرسٹر ظفراللہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے اپیل دائر کر دی ہے۔اسلام آبادہائیکورٹ کےجج ہماری اپیل پر سماعت کریں گے۔ہماری اپیل ہے کہ اپیل کی سماعت جلد از جلد کی جائے،جب کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کا میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ قانون کے مطابق نہیں ہے،احتساب عدالت کا فیصلہ قانون سے متصادم ہے۔

ہمارا کیس بہت مضبوط اور میرٹ پر ہے۔ یاد رہے احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال قید کی سزا اور مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔ عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا کے ساتھ ساتھ نواز شریف پر 8 ملین پاؤنڈ جُرمانہ اور مریم نواز شریف پر 2 ملین پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے جائیدادضبط کرنے اور اسے فروخت کر کے رقم قومی خزانے میں جمع کروانے کا حکم بھی دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں