کیپٹن (ر) صفدر نے اڈیالہ جیل میں ممتاز قادری کی نعتیں پڑھنا شروع کر دیں

کیپٹن (ر) نے محفل نعت کے انعقاد کے لیے جیل حکام کو تحریری درخواست بھی دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 جولائی 2018 12:04

کیپٹن (ر) صفدر نے اڈیالہ جیل میں ممتاز قادری کی نعتیں پڑھنا شروع کر دیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جولائی 2018ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر نے اڈیالہ جیل میں ممتاز قادری کی نعتیں پڑھنا شروع کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جیل میں کیپٹن (ر) صفدر نے ممتاز قادری کی نعتیں پڑھنا شروع کیں تو جیل حکام میں ایک تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسی وجہ سے جیل حکام کی جانب سے کیپٹن (ر) صفدر کو عام قیدیوں سے دور رکھنے کے لئے علیحدہ بیرک دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید کیپٹن ( ر ) صفدر نے مبینہ طور پر اپنے سسر نواز شریف اور اپنی اہلیہ مریم نواز کے کہنے پر جیل میں نہ صرف عام قیدیوں سے میل جول بڑھا دیا ہے بلکہ انہوں نے ممتاز قادری کی نعتیں بھی پڑھنا شروع کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے اڈیالہ جیل میں محفل نعت کے انعقاد کے لئے جیل حکام کو ایک تحریری درخواست بھی دی جس سے جیل حکام کو خدشہ ہو گیا ہے کہ کیپٹن ( ر ) صفدر قیدیوں میں زیادہ اثرو رسوخ بڑھا کر نواز شریف کے موقف کی تائید حاصل کرنے کے لئے ممتاز قادری کے ویژن کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جیل حکام کے ذرائع نے بتایا کہ جیل میں ہر قسم کی سوچ رکھنے والے قیدی موجود ہیں ، یہی نہیں بلکہ جیل میں چھوٹے موٹے جرائم کرنا ان کے لئے معمولی بات ہے۔ اسی بات کے پیش نظرخدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کیپٹن ( ر) صفدر جیل کے قیدیوں کے ساتھ اگر یونہی میل جول بڑھاتے گئے تو وہ سب کو اپنی طرف کر کے نواز شریف کے موقف کو تقویت دے دیں گے،اور اگر ایسا ہوا تو اڈیالہ جیل میں کوئی انہونہ واقعہ پیش آنے کے خدشے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا ہونے کے بعد جب راولپنڈی سے گرفتار کیا جا رہا تھا تب بھی انہوں نے اپنے کارکنان کو یہی کہا تھا کہ میں ناموس رسالتﷺ کے لیے گرفتار ہو رہا ہوں جس پر سیاسی تجزیہ کاروں نے انہیں خوب تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ عدالت سے سزا یافتہ مجرم صرف عوام کے جذبات سے کھیلنے اور ان کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیےایسا بیان دے رہا ہے ، ورنہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں کیپٹن (ر) صفدر کو سنائی جانے والی سزا اور ناموس رسالت ﷺکا دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں