اڈیالہ جیل کا منفرد واقعہ

کسی بھی سابق وزیراعظم کا بیٹی اور داماد کے ہمراہ قیدی ہونا ملکی تاریخ اور اڈیالہ جیل کا منفرد واقعہ ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 16 جولائی 2018 12:05

اڈیالہ جیل کا منفرد واقعہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16جولائی 2018ء) احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے مطابق سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اب قید کاٹ رہے ہیں۔جب کہ نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بھی نواز شریف اور مریم نواز سے پہلے گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔یہ ملکی تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ ہے کہ ایک ملک کا سابق وزیراعظم اپنی صاحبزادی اور داماد کے ہمراہ جیل کاٹ رہا ہے۔

قومی اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی اڈیالہ جیل میں یہ دوسری اسیری ہے اس سے قبل وہ1999جنرل(ر) پرویز مشرف کی جانب سے مارشل لاء لگائے جانے کے بعد طیارہ اغوا سازش کیس، دہشتگردی اور بعض دوسرے الزامات کے تحت عمر قید کی سزا سنائے جانے کے نتیجے میں اڈیالہ جیل میں قید رہے تاہم بعد میں وہ مبینہ طور پر ایک ڈیل کرکے سعودی عرب جلا وطن کر دیئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

لیکن اس مرتبہ نواز شریف کی اسیری کا منظر اور پس منظربالکل مختلف ہے ۔اس بار نواز شریف نے لندن سے خود وطن واپس آکر اسیری قبول کی ہے اور یہ بھی پاکستان کی سیاسی تاریخ اور اڈیالہ جیل کا منفرد واقعہ ہے کہ کوئی سابق وزیراعظم اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدرکے ہمراہ ایک قیدی کی حیثیت سے جیل میں ہیں۔ کسی سابق وزیراعظم کا بیٹی، داماد کے ہمراہ قیدی ہونا ملکی تاریخ اور اڈیالہ جیل کا منفردواقعہ ہے۔

یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز کو جمعے کے روز لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کر کے اسلام آباد منتقل کیا گیا جس کے بعد انہیں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک ہی کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے، جبکہ تینوں کے کمرے الگ الگ ہیں، البتہ وہ کمپاؤنڈ میں ملاقات کر سکیں گے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بی کلاس الاٹ کی گئی ہے۔

بی کلاس والی ان بیرکس میں صرف پنکھے موجود ہیں اس لیے نوازشریف اورمریم کو پہلی رات ائیر کنڈیشنر کے بغیر ہی گزارنا پڑی۔بی کلاس کے تحت مجرموں کو اخبار، ٹی وی، بیڈ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جبکہ گھر کے کھانے اور مشقتی کی سہولت بھی دستیاب ہوں گی۔ قبل ازیں مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کی اطلاعات تھیں اور اس مقصد کے لیے ریسٹ ہاؤس کو سب جیل بھی قرادے دیا گیا تھا لیکن پھراچانک مریم کو بھی اڈیالہ جیل ہی منتقل کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں