عام انتخابات 2018ء; انتخابی نشان قبر کے سوشل میڈیا پر چرچے

اُمیدوار نے انتخابات میں کامیابی کے بعد کیا اعلان کر دیا؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 16 جولائی 2018 13:39

عام انتخابات 2018ء; انتخابی نشان قبر کے سوشل میڈیا پر چرچے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16 جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء میں 9 روز باقی ہیں اور ان دنوں سیاسی جماعتیں اور انتخابی اُمیدوار اپنے اپنے حلقوں میں اپنی اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور عوام کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے انہیں اعتماد میں لے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں اور انتخابی اُمیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جس کافی دلچسپ انتخابی نشانات بھی تھے لیکن حال ہی میں ایک انتخابی نشان سوشل میڈیا پر وائرل ہوا اور موضوع بحث بن گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی آزاد اُمیدوار کی ایک تصویر میں دیکھا گیا کہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 31 سے انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدوار کا انتخابی نشان ''قبر'' ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس پوسٹر پر انتخابی اُمیدوار عبد العزیز عرف حافظ لڈو کی تصویر بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

عبد العزیز نے اپنی انتخابی مہم کے لیے یہ پوسٹرز چھپوائے جس پر لکھا تھا کہ اے انسان تو سارا دن صبح سے شام تک کیا سمجھتا ہے، پتہ بھی ہے یا نہیں قبر انسان کو دن میں 70 مرتبہ پُکارتی ہے۔

انتخابی مہم میں جان ڈالنے کے لیے عبد العزیز کے اس پوسٹر پر ''نوجوان قیادت''، ''علاقہ کے مسائل سے باخبر'' اور ''غریبوں کا ہمدرد'' بھی تحریر ہے۔ عبد العزیز نے اپنے انتخابی نشان ''قبر'' سے متعلق لکھا کہ اگر ووٹ دو گے تب بھی آؤ گے اور اگر ووٹ نہیں دو گئے تو بھی آؤ گے۔ عبد العزیز کے اس پوسٹر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی جس پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے کہاکہ یہ پوسٹر دیکھ کر بظاہر ایسا لگ رہا ہے کہ انتخابی اُمیدوار ووٹ نہیں مانگ رہا بلکہ لوگوں کو قبر میں جانے کی دھمکی دے رہا ہے۔

صارفین نے اس پوسٹر اور انتخابی نشان ''قبر'' پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج تک بہت دلچسپ و عجیب انتخابی نشانات دیکھے ہیں لیکن کوئی ایسا انتخابی نشان نہیں دیکھا جس کو دیکھ کر آپ کو ووٹ تو کیا الیکشن بھی بھول جائیں۔ عبد العزیز عرف حافظ لڈو نامی اس انتخابی اُمیدوار نے سوشل میڈیا کی توجہ تو حاصل کر لی ہے لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ اُمیدوار کی انتخابی مہم اور انتخابی نشان کتنے ووٹرز کو ان کے حق ووٹ دینے پر قائل کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں