25جولائی کو عام انتخابات کیلئے پولنگ سٹاف کی ڈیوٹیاں فائنل کر دی گئیں

منگل 17 جولائی 2018 14:40

25جولائی کو عام انتخابات کیلئے پولنگ سٹاف کی ڈیوٹیاں فائنل کر دی گئیں
فیصل آباد۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) 25جولائی کے عام انتخابات کیلئے پولنگ سٹاف کی ڈیوٹیاں فائنل کر دی گئی ہیں جس کے باعث اب کسی بھی حالت میں کوئی بھی ڈیوٹی کینسل یا تبدیل نہیں کی جا سکے گی جبکہ تمام پریذائیڈنگ افسران ، سینئر و اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران ، پولنگ افسران و معاون عملہ کی مکمل حتمی فہرستوں کا ڈیٹا ڈسٹرکٹ ریٹر ننگ آفیسرز ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز، کمشنرز ، ریجنل پولیس آفیسرز ، پراونشل الیکشن کمشنرز اور چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ ساتھ حساس اداروں کے متعلقہ حکام کو بھی فراہم کر دیا گیا ہے نیز ریزرو سٹاف کی فہرستوں کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان ریزرو فہرستوں میں شامل افسران و اہلکاران سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت 25جولائی کے عام انتخابات سے قبل سٹیشن نہ چھوڑیں تاکہ کسی بھی ایمر جنسی کی صورت میں ان سے استفادہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

مزید برآں تمام پولنگ سٹاف اہلکاران سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ و ہ اپنے موبائل فون نمبر جو الیکشن کمیشن کے ڈیٹا کیلئے فراہم کئے گئے ہیں انہیں چالو حالت میں رکھیں اور فونز بند کرنے سے اجتناب برتا جائے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریجنل ذرائع نے بتایاکہ ضلع فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے 10اور صوبائی اسمبلی کے 21حلقوں میں 7ہزار کے قریب پریذائیڈنگ افسران ، سینئر و اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران ، پولنگ افسران سمیت ہزاروں معاون اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ ان افسران و اہلکاران کی تربیت کا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا ہے جس سے انتخابات کے شفاف ، منصفانہ ، آزادانہ ، غیر جانبدارانہ انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں