چیئرمین سینیٹ کی شہید ہارون بلور کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

ہارون بلور سیاست کے درخشندہ ستارے تھے ،سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے، محمد صادق سنجرانی

منگل 17 جولائی 2018 18:58

چیئرمین سینیٹ کی شہید ہارون بلور کے گھر آمد، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی پشاور کے علاقہ یکہ توت میں خود کش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کے گھر گئے اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہارون بلور اور دیگر 22 شہدا کیلئے مغفرت کی دعا کی۔ چیئرمین سینیٹ نے ہارون بلور کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاست کے درخشندہ ستارے تھے ان کی سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔

(جاری ہے)

ہارون بلور عظیم انسان تھے جو ہر وقت دوسروں کی مدد کیلئے تیار رہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے جتنی قربانیاں بلور خاندان نے دی ہیں ان کی مثال نہیں ملتی یاد رہے کہ ہارون بلور کے والد بشیر بلور بھی گزشتہ عام انتخابات کے دوران خود کش حملے میں شہید ہوئے تھے۔چیئرمین سینیٹ نے سابق ممبر قومی اسمبلی غلام احمد بلور اور سابق سینیٹر الیاس احمد بلور سے ان کے بھتیجے ہارون بلور کی شہادت پر دلی دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان اور ملک کی سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے انسداد کیلئے اقداما ت اٹھا رہی ہیں انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ریاست پاکستان میں دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں