پاکستانیوں کی دبئی میں موجود خفیہ جائیدادوں اور آمدنی کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 جولائی 2018 12:42

پاکستانیوں کی دبئی میں موجود خفیہ جائیدادوں اور آمدنی کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جولائی۔2018ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے اعلان کیا ہے اسے پاکستانیوں کی دبئی میں موجود خفیہ جائیدادوں اور آمدنی کی تفصیلات موصول ہوچکی ہیں۔اس حوالے سے ایف بی آر کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ دبئی ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے موصول ہونے والے اعداد و شمار میں پاکستانیوں کو جائیداد کے کرایے کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب ایف بی آر نے ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے آگاہی مہم تیز کردی ہے، اس حوالے سے کراچی کے ٹیکس حکام کو خاص طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ شہر کے تاجروں کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے فوائد سے روشناس کروانے میں فعال کردار ادا کریں تاکہ وہ خفیہ اثاثوں کو ظاہر کر کے مستقبل کےلئے ان پر استثنیٰ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح کی ہدایات لاہور، فیصل آباد، ملتان،گجرانوالہ اور سیالکوٹ کے ٹیکس حکام کو بھی جاری کی گئیں تاکہ وہ عوام کو ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کےلئے راغب کرسکیں۔

اس ضمن میں ایف بی آر کے ٹیکس پیئر آڈٹ کی رکن نوشین جاوید امجد نے عوام پر زور دیا کہ موجودہ ٹٰیکس اسکیم سے ضرور فائدہ اٹھائیں کیوں کہ اس اسکیم میں ٹیکس کی کم شرح، جرمانے اور قانونی کارروائی سے فراہم کیا جانے والا قانونی تحفظ اسے بہترین اسکیم بناتا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ یہ عوام کے لئے ملک میں اور بیرونِ ملک موجود اپنی خفیہ آمدنی اور اثاثوں کا ظاہر کرنے کا بہترین موقع ہے۔

اس سلسلے میں تاجروں، کاروباری حضرات، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹیکس کی دیگر تنظیم کے اراکین پر مشتمل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوشین جاوید امجد نے کہا کہ یہ اسکیم ان افراد کے لئے سنہری موقع ہے جنہوں نے اپنے اثاثے ظاہر نہیں کیے، وہ 2 فیصد ٹیکس ادا کر کے ملکی اور غیر ملکی اثاثے ظاہر کرسکتے ہیںاور بیرونِ ملک منقولہ جائیداد کو صرف 3 فیصد ٹیکس ادا کر کے پاکستان منتقل کر سکتے ہیں جبکہ غیر منقولہ جائیداد پر محض 5 فیصد ٹیکس ادا کر کے اسے قانونی بنا سکتے ہیں۔

ان کامزید کہنا تھا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں اب تک مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے، جس سے لوگوں کا اپنے اثاثے ظاہر کر کے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں شمولیت اختیار کرنے کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے اس سے قبل کہ ٹیکس اتھارٹی کو مختلف قوانین سے تحت یکم ستمبر سے خود کار طریقے سے ان معلومات تک رسائی حاصل ہوجائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں