ہیلی کاپٹرکیس:عمران خان نیب کے سامنے پیش نہیں ہونگے

بابراعوان چیئرمین تحریک انصاف کا تحریری بیان جمع کروائیں گے‘عمران انتخابی مہم میں مصروف ہیں انتخابات کے بعد پیش ہوجائیں گے-پارٹی ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 جولائی 2018 12:58

ہیلی کاپٹرکیس:عمران خان نیب کے سامنے پیش نہیں ہونگے
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جولائی۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہیلی کاپٹرکیس میں نیب کے دفتر میں پیش نہیں ہوں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق عمران خان اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں اور اسی کے باعث وہ نیب پشاور میں پیش نہیں ہوں گے، تاہم وہ الیکشن کے بعد پیش ہوجائیں گے۔تحریک انصاف کے راہنما بابر اعوان نیب پشاور میں پیش ہوں گے اور چیئرمین تحریک انصاف کا تحریری جواب جمع کرائیں گے۔

واضح رہے کہ نیب خیبرپختونخوا نے عمران خان کو ہیلی کاپٹر کیس میں 18 جولائی کو پشاور دفتر میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔عمران خان پر سرکاری ہیلی کاپٹر 74 گھنٹے استعمال کرنے کا الزام ہے۔نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے رواں سال فروری میں عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا حکومت کے 2 سرکاری ہیلی کاپٹرز ایم آئی 17 اور ایکیوریل کو 74 گھنٹوں تک غیر سرکاری دوروں کے لیے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے نیب خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل کو معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

نیب کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی، جس کا انہوں نے اوسطاً فی گھنٹہ 28 ہزار روپے ادا کیا۔نیب رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اگر عمران خان نجی کمپنیوں کے ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے تو انہیں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 10 سے 12 لاکھ روپے جبکہ ایکیوریل ہیلی کاپٹر کا فی گھنٹہ خرچ 5 سے 6 لاکھ روپے ادا کرنا پڑتا۔

رپورٹ میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے پرنسپل ایڈوائزر برائے ٹیکنیکل ٹریننگ اینڈ ایوی ایشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ہیلی کاپٹرز کے استعمال پر تقریباً 2 لاکھ روپے فی گھنٹہ خرچ آتا ہے۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان کو خیبر پختونخوا کی حکومت کو 1 کروڑ 11 لاکھ روپے ادا کرنے چاہئیں تھے، تاہم سرکاری دستاویزات کے مطابق انہوں نے 21 لاکھ روپے ادا کیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں