بھارت کو اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا -نگران وزیرخارجہ

اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 جولائی 2018 13:24

بھارت کو اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا -نگران وزیرخارجہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جولائی۔2018ء) نگراں وزیرخارجہ عبداللہ حسین ہارون کا کہنا ہے کہ امریکی اورروسی صدرکے درمیان مذاکرات کا فائدہ دنیا کوہوگا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نگراں وزیرخارجہ عبداللہ حسین ہارون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، بھارت اور دہشت گردی جیسے چیلنج سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آہستہ آہستہ نئے اتحاد بنیں گے، دنیا میں فوجی اورمعاشی اتحاد بھی بنیں گے۔نگراں وزیرخارجہ کا تقریب سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی پرانے مسائل کا شکار ہے۔عبداللہ حسین ہارون کا یہ بھی کہنا تھا کہ نئی نسل معاشی ترقی اورتعلیم کی طرف دیکھتی ہے، صورت حال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی اورروسی صدر کی ملاقات سے متعلق نگراں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادی میر پیوٹن کے درمیان مذاکرات سے دنیا کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی غلطیوں کا احساس کرنا ہوگا ، سب چاہتے ہیں ہمسائے اورعالمی برادری خوش رہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کشمیر رپورٹ پر بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مختلف ٹوئٹس کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے بغیر جانچ پڑتال کے رپورٹ کو مسترد کرنا کافی مایوس کن تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر ( او ایچ سی ایچ آر) کی جانب سے اٹھائے گئے سنجیدہ نوعیت کے تحفظات کو حل کرنے میں بھارت ناکام ہوگیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ او ایچ سی ایچ آر کی جانب سے ہائی کمشنر اور ظفر بنگش کے درمیان کسی بھی طرح کے رابطے کی واضح طور پر تردید کردی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفترکی کشمیر رپورٹ میں بھارتی سرکاری ذرائع، بھارتی پارلیمان، بھارتی سپریم کورٹ اور بھارت کی وزارت داخلی امور کا حوالہ دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ او ایچ سی ایچ آر بھارت کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش سے پریشان ہے۔او ایچ سی ایچ آر کا کہنا ہے کہ کشمیر رپورٹ کشمیر کے لاکھوں لوگوں کے انسانی حقوق سے متعلق ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان کمشنر آف انکوائری ( سی او آئی ) کے دورہ پر خوش آمدید کہتا ہے کیونکہ رپورٹ میں آزاد جموں کشمیر اور بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں