وزارت داخلہ نے آصف زرداری اور فریال تالپورکا نام ای سی ایل سے نکال دیا

ایف آئی اے نے35ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 جولائی 2018 13:44

وزارت داخلہ نے آصف زرداری اور فریال تالپورکا نام ای سی ایل سے نکال دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جولائی۔2018ء) وفاقی وزارت داخلہ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپورکا نام ای سی ایل سے نکال دیا ہے۔ذرائع وزرات داخلہ کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے حکم پرآصف زرداری اور فریال تالپورکا نام ای سی ایل سے نکالا گیا ہے۔سپریم کورٹ میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی جس کے بعد عدالت نے ایف آئی اے کو الیکشن تک دونوں شخصیات کو نہ بلانے کی ہدایت کی جب کہ ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے نجی بینک سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا اور اس حوالے سے انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب بھی کیا گیا تھا تاہم دونوں شخصیات کے وکلاءایف آئی اے کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 35 ارب روپے کی منتقلی کے لئے بنائے گئے ایسے 29 جعلی بینک اکاﺅنٹس کا سراغ لگا لیا ہے۔

جن سے مبینہ طور پر ملک کے سابق صدر آصف علی زرادری ، انکی بہن فریال تالپور اور انکے فرنٹ مین ، ریاض لال جی ، انور مجید ، ملک ریاض اور دیگر نے35 ارب روپے کی ٹرانزیکشنس کی ہیں۔صرف ایک اکاﺅنٹ میں 4 ارب 14 کروڑ روپے کی رقوم منتقل کیں۔ ایف آئی نے مقدمہ درج کرتے ہوئے معروف بینکار حسین لوائی اور ان کے ساتھی طلحہ رضا کو حراست میں لے رکھا ہے۔انکوائری شروع ہونے پر 4 اکاﺅنٹس کی نشاندہی ہوئی، بعدازاں 29 اکاﺅنٹس کا پتہ چلا جن میں سے 16 سمٹ بینک، 8 سندھ بینک اور 5 یو بی ایل کے اکاﺅنٹ تھے، یہ اکاﺅنٹس 7 لوگوں سے متعلق تھے جن سے 35 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں-

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں