بیرون ملک مقیم پاکستانی 25 جولائی کو ووٹ کاسٹ کرسکیں گے یا نہیں، نادرا نے فیصلہ سنا دیا

بیرون ملک مقیم پاکستانی اس مرتبہ بھی عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت سے محروم رہیں گے: نادرا

muhammad ali محمد علی بدھ 18 جولائی 2018 20:49

بیرون ملک مقیم پاکستانی 25 جولائی کو ووٹ کاسٹ کرسکیں گے یا نہیں، نادرا نے فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2018ء) بیرون ملک مقیم پاکستانی 25 جولائی کو ووٹ کاسٹ کرسکیں گے یا نہیں، نادرا نے فیصلہ سنا دیا، نادرا کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی اس مرتبہ بھی عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت سے محروم رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے خصوصی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

نادرا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اس مرتبہ بھی عام انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت سے محروم رہیں گے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر کچھ خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جو گمراہ کن ہیں۔ سوشل میڈیا پر کچھ خبریں زیر گردش ہیں جن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں ووٹ دے سکیں گے۔

(جاری ہے)

نادرا نے ایسی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ نادرا کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر مہم کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کی آن لائن ووٹنگ کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلیے اوورسیز پاکستانیوں کوپاکستان آناہوگا۔ اوورسیز پاکستانیوں کی آن لائن ووٹنگ کا کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کی آن لائن ووٹنگ کا تجربہ ضمنی انتخابات میں کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ پاکستان آکر بھی وہی اوورسیز پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے جو رجسٹرڈ ووٹر ہونگے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات کا انعقاد 25 جولائی کو ہوگا۔ تاہم بدقسمتی سے پاکستان کی معیشت میں اہم ترین کردار ادا کرنے والے لاکھوں بیرون ملک مقیم پاکستانی اس مرتبہ بھی بیرون ممالک سے ووٹ کاسٹ نہیں کر پائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں