پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے سب کی دوڑیں لگوادیں

پی ٹی آئی رہنماؤں کی کارکردگی دیکھنے کے لیے خصوصی سیل تشکیل دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 جولائی 2018 13:45

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے سب کی دوڑیں لگوادیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2018ء) : پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے عام انتخابات میں اپنے کارکنان اور انتخابی مہم کے مینجرز کی کارکردگی کو جانچنے کے لیے ایک خصوصی سیل تشکیل دے دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں پارٹی کی انتخابی مہم کے مینجرز کی کارکردگی کو چیک کرنے کے لئے ایک خصوصی سروے سیل تشکیل دے دیا ہے جو براہ راست پارٹی چئیرمین عمران خان کو مینجرز کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرے گا۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی جانب سے سیل تشکیل دئے جانے کے بعد ہی سے پارٹی کارکنان اور عہدیداران کی دوڑیں لگ گئی ہیں اور انتخابی مہم کے حوالے سے عہدیداران نے کام مزید تیز کر دیا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق خصوصی سیل پرائیویٹ سیکٹر کے ماہرین پر مشتمل ہے ، تاکہ کوئی انتخابی مہم مینجر ان کواپنے حق میں استعمال نہ کرسکے ، یہی وجہ ہے کہ اس سیل کی ساری ٹیم کے نام ظاہرنہیں کئے گئے ۔

(جاری ہے)

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان تک اطلاعات جا رہی ہیں کہ کچھ الیکشن کمپین مینجرز جن میں سینئر پارٹی رہنما اور پارٹی آفس ہولڈر شامل ہیں، صرف میڈیا کمپین تک محدود ہیں اور آن گراؤنڈ کوئی محنت نہیں کر رہے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق عام انتخابات میں 5 روز باقی ہیں اور ایسی صورتحال میں شہری حلقوں میں، جہاں لوگ پارٹی پروگرام اور نظریے کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں، ان کو قائل کرنے کے لئے بھرپور ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلانے کی ضرورت ہوتی ہے جوکچھ پارٹی رہنما نہیں کر رہے۔

پارٹی کا پنجاب میںبھرپور انتخابی مہم چلانے کے لیے اہم ہدف وسطی پنجاب اور اس کا سب سے اہم شہر لاہور ہے لیکن پارٹی چیئرمین اس ریجن میں انتخابی مہم کی رفتار سے مطمئن نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی چیئرمین عمران خان یہ سمجھتے ہیں کہ وسطی پنجاب، جہاں ان کی روایتی حریف پاکستان مسلم لیگ ن کا زیادہ اثر ہے، وہاں ایک بھرپور انتخابی مہم کی ضرورت ہے تا کہ ان علاقوں سے ن لیگ کے قدم مکمل طور پر اُکھاڑے جا سکیں۔

لاہور جسے ن لیگ کا گڑھ کہا جاتا ہے ، اور مسلم لیگ ن بھی لاہور اپنا گڑھ ہونے کے دعوے کرتی ہے، وہاں بھی بھرپور انتخابی مہم کی ضرورت ہے جو فی الوقت نظر نہیں آرہی ، عمران نے لاہور کو فوکس کرنے کے لئے انتخابی مہم کا سب سے بڑا شیڈول لاہور کے لئے رکھا ہے جس میں وہ شہر کے تمام قومی اسمبلی کے حلقوں کے دورے کر رہے ہیں ، پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی رزلٹ مستقبل میں پارٹی میں کئی رہنماؤں کی پوزیشن کا فیصلہ کرنے میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔

اسی لیے خصوصی سیل کی تشکیل کا سنتے ہی پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز کی دوڑیں لگ گئی ہیں جس کے تحت انتخابی مہم میں مزید زور لگایا جائے گا تاکہ پارٹی چئیرمین کو خوش کیا جا سکے۔خیال رہے کہ سیاسی مبصرین کے مطابق عام انتخابات 2018ء میں سب سے مضبوط پوزیشن پاکستان تحریک انصاف کی ہی معلوم ہو رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں