․کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس میں شریک رہنمائوںکا کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیر مقدم

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے، نگران وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان روشن خورشید بھروچہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ

جمعرات 19 جولائی 2018 18:15

․کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس میں شریک رہنمائوںکا کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیر مقدم
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس میں شریک رہنمائوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے کشمیر کی صورتحال پر جاری کی گئی رپورٹ کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ کو تمام عالمی اداروں تک پہنچایاجائے، پاکستان کے عام انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں نے مسئلہ کشمیر کو اپنے منشور میں شامل نہیں کیا۔

جمعرات کو یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر بھارتی بربریت کی رپورٹ پر کشمیر ہاوس اسلام آباد میں کشمیری قیادت کی گول میز کانفرنس منعقد کی گئی۔ کانفرنس سے خطاب نگران وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان روشن خورشید بھروچہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس رپورٹ کی روشنی میں دنیا کو اپنا مؤقف بتایاجائے ہر سیاسی جماعت اپنے منشور میں مسئلہ کشمیر کو اولین ترجیح دے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر پر صرف باتوں اور تقریروں سے کام نہیں چلے گا۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو مسترد کرکے اپنے آپ کو مزید بے نقاب کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کا کریڈٹ کشمیری شہداء کے خون کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری بطور خاص پوری دنیا میں اس رپورٹ کے ذریعے بھارت پر دبائو کے لئے استعمال کریں ۔ پہلی مرتبہ پاکستان کو کشمیر پر بڑی کامیابی ملی ہے۔ وزارت خارجہ دنیا کو قائل کرے گی کہ وہ بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔ بھارت اقوام متحدہ کی رپورٹ دبانے کی کوششوں میں ناکام ہو گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں سخت حالات کے باوجود اقوام متحدہ کی جانب سے یہ رپورٹ سامنے لانا بہت بڑا اقدام ہے۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے حالات کی سنگینی کا احساس ہو رہا ہے۔ پابندیوں کے باعث کشمیری کسی عالمی فورم پر اپنی بات نہیں کرسکتے ۔ ہم نے اس رپورٹ کو تحریک بنانا ہے۔ تمام سفارتی مشنز کو اقوام متحدہ کی رپورٹ پر کام تیزکرنے کا کہا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کا نیا انسانی حقوق کمشنر آرہا ہے اسے بھی اس رپورٹ کی روشنی میں میں قائل کرناہے۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر جماعت اسلامی اور رکن قانون ساز اسمبلی عبد الرشید ترابی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے تو اپنا کام کیا ہمیں اپنے حصے کا کام کرنا چاہئے، اقوام متحدہ کی رپورٹ کو او آئی سی سلامتی کونسل جنرل اسمبلی ہر جگہ اٹھانا چاہئے۔

بھارت میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبد الباسط نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی رپورٹ سے اب تک ہم وہ فائدہ نہیں اٹھا سکے جو اٹھانا چاہئے تھا، پاکستانی سیاسی جماعتوں نے کشمیر کا مسئلہ اپنے انتخابی منشور سے خالی ہیں۔ پی پی پی نے کشمیر کا ذکر کیا تو آزاد کشمیر کا ذکر کردیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے منشور میں اقوام متحدہ کی قرادادوں کا ذکر کیا مگر کوئی قابل عمل روڈ میپ نہیں دیا جب تک پاکستانی قیادت کشمیر پر کھل کر آگے نہیں آئے گی اقوام متحدہ کی رپورٹ سے بھی بات نہیں بنے گی۔

جو نئی حکومت آئے اس سے کشمیر روڈ میپ کا دوٹوک مطالبہ کیا جائے۔ آئندہ وجود میں آنے والی پارلیمنٹ میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا سربراہ مولانا فضل الرحمن کو نہیں ہونا چاہئے۔ کشمیرکمیٹی کا چیئرمین کشمیر کاز کو زندگی اور موت کا مسئلہ سمجھنے والے کو بننا چاہئے۔ کشمیر کانفرنس سے سردار یعقوب، نگران وزیر خارجہ روشن خورشید بھروچہ، سپیکر شاہ غلام قادر، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور کشمیری قیادت شریک ہوئی۔

حریت رہنما الطاف وانی نے کہاکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کو دنیا کے سامنے کھل کر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے شہداپاکستانی پرچم میں لپٹ کر دفن ہونا اعزاز سمجھتے ہیں۔ کشمیریوں نے بھارتی ٹینکوں کا مقابلہ پتھروں سے کرکے اقوام متحدہ کو رپورٹ جاری کرنے پر مجبور کیا۔

بھارتی لوک سبھا تسلیم کررہی کہ تحریک آزادی کشمیر تیز ہوئی ہے۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت کو مجبور کرنے کے لئے استور سے اس کا پانی روکا جائے۔ پاکستانی حکومت آل پارٹیز حریت کانفرنس کو مضبوط کرے۔ سپیکر آزاد جموں وکشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں جو اعتراضات بھارت نے اٹھائے ہیں ان کا جواب 13ویں ترمیم کرکے دے دیا ہے۔ اقوام متحدہ کو آزاد کشمیر و گلگت بلتستان آنے کی خود دعوت دینی چاہئے۔ ہم گومگو کا شکار نہ ہوں پاکستان کون سا بھارت کی طرح آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں ظلم کررہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں