نواز شریف کے بعد اب آصف علی زرداری کی باری

حکومت آصف زرداری کے 6 کروڑ ڈالر سوئٹزرلینڈ سے واپس لانے کے لیے سرگرم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 جولائی 2018 15:44

نواز شریف کے بعد اب آصف علی زرداری کی باری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف پر کرپشن کے مقدمات ہونے اور ان مقدمات کی بنا پر سزا پانے کے بعد توپوں کا رُخ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت سابق صدر آصف علی زرداری کے 6 کروڑ ڈالر سوئٹزرلینڈ سے واپس لانے کے لیے سرگرم ہو گئی ہے۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق نگران حکومت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملکیتی 60 ملین ڈالر سوئٹزرلینڈ سے واپس پاکستان لانے کے لیے اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اورسوئس حکومت کواس معاملے پر جلد ہی ایک خط بھی تحریر کیا جائے گا جس کا حکم سپریم کورٹ نے 5 سال پہلے دیا تھا لیکن عدالتی فیصلے پر عملدآمد نہیں ہو سکا تھا ،عدالتی فیصلے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دے کر گھر بھیج دیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سوئٹزر لینڈ میں زرداری کی ملکیت میں 60 ملین ڈالر کا مقدمہ کئی سال تک سوئٹزر لینڈ عدالت میں بھی زیر سماعت رہا ہے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری کا یہ مقدمہ سوئس عدالتوں میں ڈاکٹر بابر اعوان لڑا کرتے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نگران وزیراعظم ناصر الملک نے وزارت قانون سے سوئس بینکوں میں پڑے 60 ملین ڈالر واپس لانے کے ہدایت کی ہے جس کی روشنی میں اب وزیر قانون علی ظفر اور اٹارنی جنرل آف پاکستان کے مابین اس اہم موضوع پر مشاورت بھی جاری ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع نےاس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کی مشاورت مکمل ہوتے ہی سوئس حکومت کو جلد ہی خط لکھ دیا جائے گا، تاکہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جا سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں