شاہین ائیر انٹرنیشنل نے ایک نا قابل قبول اور خود ساختہ ادائیگی کا شیڈول دیا،

ائیر لائن نے وعدے کی پاسداری نہیں کی اور اپنے ہی شیڈول کے مطابق ادائیگی نہیں کررہی، ترجمان ایوی ایشن اتھارٹی

جمعہ 20 جولائی 2018 20:04

شاہین ائیر انٹرنیشنل نے ایک نا قابل قبول اور خود ساختہ ادائیگی کا شیڈول دیا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شاہین ائیر انٹرنیشنل نے 3 جولائی کو سی اے اے کو لکھے گئے خط میں ایک نا قابل قبول اور خود ساختہ ادائیگی کا شیڈول دیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ وہ ہر دس روز بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اپنے رواں واجبات کی مد میں سو ملین روپے کی ادائیگی کیا کرے گی تاہم ائیر لائن نے اس وعدے کی بھی پاسداری نہیں کی اور اپنے ہی شیڈول کے مطابق ادائیگی نہیں کررہی ہے۔

ترجمان ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق شاہین ائیر پر ڈیڑھ ارب روپے اس سے پہلے کے بھی واجب الادا ہیں۔یہ امر بھی واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے شاہین ائیر کی سعودی عرب کے سوا تمام انٹرنیشنل فلائیٹس کے لئے اپنی سہولیات و خدمات فراہم کرنا بند کر دی ہیں جبکہ ائیر لائن کی ڈومیسٹک فلائیٹس کو خدمات و سہولیات کی فراہمی بدستور جاری ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سی اے اے کی جانب سے ائیر لائن کو مذکورہ بالا فلائیٹس کے لیے سہولیات و خدمات کی فراہمی کی معطلی کے بارے میں پہلے ہی تحریری طور پر آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ فضائی مسافروں کو کسی بھی قسم کی زحمت سے بچانے کے لیے میڈیا کے ذریعے مذکورہ معطلی کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ شاہین ائیر سی اے اے سے کئے گئے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے شیڈول کے مطابق ادائیگی کرنے کے بجائے فلائٹ آپریشنز کے حوالے سے جاری کئے گئے معزز عدالت کے حکم کی غلط تشریح کررہی ہے اور اس حوالے سے مسافروں اور عوام الناس کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں