آزاد امیدوار ملک محمدراحیل وسیم اور اللہ وسایاعرف چنوں خان کونااہل قرار

جمعہ 20 جولائی 2018 23:01

آزاد امیدوار ملک محمدراحیل وسیم اور اللہ وسایاعرف چنوں خان کونااہل قرار
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ 125 لاہورسے آزاد امیدوار ملک محمدراحیل وسیم کونادہندہ ہونے پر جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 275 مظفرگڑھ سے آزاد امیدوار اللہ وسایاعرف چنوں خان کوجعلی ڈگری کی بنیادپرنا اہل کردیا۔جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جمعہ کو سماعت کی۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے،یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیں کہ الیکشن ملتوی ہوگا۔عدالت نے این اے 125 لاہور سے آزاد امیدوار ملک راحیل وسیم کو نااہل قرار دینے کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت کی ۔ ملک راحیل نے عدالت کو بتایا کہ وہ پی ٹی سی ایل کے سات ہزار روپے کا نادہندہ تھا جرمانے کیساتھ سترہ ہزار روپیہ جمع کروا چکے لیکن اس کے باجود انھیں نادہندہ قرار دے کر نااہل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن میں چند دن رہ گئے اب کچھ نہیں ہو سکتا۔جسٹس عظمت سعید نین درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے واجبات ادا کرنے میں دیر کردی ہے، اچھا نہیں لگتا کسی کو الیکشن لڑنے سے روکا جائے لیکنن قانون پر عمل کرنا ہماری مجبوری ہے ،ہم قانون تبدیل نہیں کر سکتے۔مذکورہ بینچ کے روبرو پی پی 275 مظفرگڑھ سے آزاد امیدوار اللہ وسایا کے انتخابات لڑنے کے معاملے کی سماعت ہوئی توجسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ اللہ وسایا کو پہلے ہی نااہل قرار دے چکی،اللہ وسایا کی ڈگری سپریم کورٹ نے جعلی قرار دی تھی۔

اللہ وسایا کے وکیل نے التوا کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ انھیں تیاری کے لئے وقت دیا جائے جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا الیکشن میں وقت بہت کم ہے اس لئے التوا نہیں دے سکتے۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ فیصلہ ان کے حق میں آنے سے حلقہ میں الیکشن ملتوی بھی ہو سکتا ہے،ایک حلقہ میں الیکشن ملتوی ہونا کوئی بڑی بات نہیں۔جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دینگے،یہ بات اپنے ذہن سے نکال دیں کہ الیکشن ملتوی ہوگا۔عدالت نے التوا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے اللہ وسایا کو نااہل قرار دیدیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں