پورے پاکستان سے 25جولائی کو شیر ہی جیتے گا ،سیما جیلانی

سب اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود مسلم لیگ ن ملک بھر سے تاریخی کامیابی حاصل کرے گی،سابق رکن قومی اسمبلی

اتوار 22 جولائی 2018 20:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی راولپنڈی کے الیکشن مہم کی انچارج بیگم سیماجیلانی نے کہاہے کہ25جولائی کو شیر بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گا مسلم لیگ(ن) کی عوامی مقبولیت مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہی ہے،تبدیلی کا نعرہ لگا نے والوں کا ایجنڈا صرف اور صرف اقتدار کا حصول ہے، جبکہ ہماری جماعت وطن عزیز کو خوشحال اور باوقار بنانے کا عزم لے کر میدان میں آئی ہے،جمہوریت کی بقاء میں ہی ملکی سلامتی کا راز مضمر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ لاکھوں جانوں اور عصمتوں کی قربانی دے کر حاصل کیا گیا پاکستان کسی کے وزارت عظمیٰ کے شوق کی بھینٹ نہیں چڑھایا جا سکتا، ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلنا خطر ناک ہو گا،نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں اورذمہ داران واضح طور ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں،قوم بیدار،قومی اختیار میں نقب لگانے کی تمام کوششیں اللہ کے فضل و کرم سے ناکام ہوں گی اور 25جولائی کو انشاء اللہ پورے ملک میں شیر دھاڑے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں