صدر مملکت کی سیاسی رہنمائوں پر حملوں کی مذمت ،اکرام اللہ گنڈاپور کی وفات پراظہارتعزیت

بڑھتے پرتشدد واقعات تشویشناک ہیں ،عبوری حکومت اور تمام متعلقہ اداروں انتخابی و سیاسی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں،ممنون حسین کا بیان

اتوار 22 جولائی 2018 21:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اکرام اللہ گنڈاپور اور اکرم خان درانی پرحملوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات تشویشناک ہیں ،اکرام اللہ گنڈاپور کے انتقال پر ان کے خاندان سے دلی ہمدردی ہے اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے۔

(جاری ہے)

ایوان صدر سے جا ری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی امیدواروں سمیت وطن عزیز کے ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی تکلیف دہ ہے، جس کے نتیجے میں سیاسی عمل مزید پیچیدگی کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عبوری حکومت اور تمام متعلقہ قومی اداروں کی یہ پہلی ذمہ داری ہے کہ انتخابی و سیاسی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں تاکہ ملک کو ماضی کے تلخ تجربات کے بد صورت نتائج سے محفوظ رکھا جاسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں