پاور ڈویژن نے عام انتخابات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے 2کنٹرول رومز قائم کر دئیے

کنٹرول روم اسلام آباد اور واپڈا ہائوس لاہور میں قائم کئے گئے،نیشنل پاور کنٹرول سینٹر اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 25 جولائی کوپولنگ کے دوران اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک بلا تعطل بجلی فراہمی کی ہدایات جاری کر دی گئیں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں سپیشل الیکشن کنٹرول رومز قائم کر دئیے،پولنگ کے دن انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی معطل رہے گی

پیر 23 جولائی 2018 14:11

پاور ڈویژن نے عام انتخابات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے 2کنٹرول رومز قائم کر دئیے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) پاور ڈویژن نے ملک بھر میں پرسوں بدھ کوعام انتخابات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے 2کنٹرول رومز قائم کر دئیے ، کنٹرول روم اسلام آباد اور واپڈا ہائوس لاہور میں قائم کئے گئے،نیشنل پاور کنٹرول سینٹر اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو 25 جولائی کوپولنگ کے دوران اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک بلا تعطل بجلی فراہمی کی ہدایات جاری کر دی گئیں جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں سپیشل الیکشن کنٹرول رومز قائم کر دئیے گئے ہیں ۔

پولنگ کے دن انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔پیر کو ترجمان پاور ڈیژن کے مطابق ملک میں (کل)بدھ کو عام انتخابات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے پاور ڈویژن نے 2کنٹرول رومز قائم کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک کنٹرول روم اسلام آباد جبکہ دوسرا واپڈا ہائوس لاہور میں قائم کیا گیا ہے۔اسلام آباد میں قائم کنٹروم روم کی سربراہی پاور ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری وسیم مختار جبکہ لاہور کے کنٹرول روم کی نگرانی ایڈیشنل سیکر ٹری ڈاکٹر عامر احمد کریں گے۔

سیکر ٹری پاور ڈویژن رضوان میمن ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہی کی صورتحال کو خود دیکھیں گے جبکہ نگران وزیر توانائی سید علی ظفر کو بھی بجلی فراہمی کی صورتحال سے وقتا فوقتا آگاہ رکھا جائے گا۔پاور ڈویژن نے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر( این پی سی سی) اور بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو 25 جولائی کو ملک بھر میں پولنگ کے دوران اور ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک بلا تعطل بجلی فراہمی کی ہدایات دے دی ہیں۔

پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اپنے ہیڈ کوارٹرز میں سپیشل الیکشن کنٹرول رومز قائم کر دئیے ہیں جن میں متعلقہ آپریشن ڈائریکٹر پولنگ کے دن خود موجود ہونگے۔ترجمان کے مطابق تمام سب ڈویژنز لیول پر ایمرجنسی سٹاف اور ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں تاکہ کسی بھی فنی خرابی کا فوری تدارک کیا جا سکے۔تمام گرڈ سٹیشن پر سٹاف موجود ہوگا،پولنگ کے دن انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی معطل رہے گی،فیڈرز پر لوڈ کم رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کیئے گئے ہیں،تمام میٹیریل سٹور میں اضافی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تما ڈسکوز میں جنریٹرز دستیاب ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں