مشاہد حسین سید نے ا نتخابات میں (ن) لیگ کو ٹارگٹ کرنے کی فیکٹ شیٹ کامن ویلتھ الیکشن مبصر گروپ کے حوالے کر دی

پیر 23 جولائی 2018 14:11

مشاہد حسین سید نے ا نتخابات میں  (ن) لیگ کو ٹارگٹ کرنے کی فیکٹ شیٹ کامن ویلتھ الیکشن مبصر گروپ کے حوالے کر دی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی مرکزی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین سینیٹرمشاہد حسین سید نے مسلم لیگ(ن) کو انتخابات میں برابری کی سطح پر مواقع فراہم نہ کیے جانے کے حوالے سے کامن ویلتھ الیکشن مبصر گروپ کو بریفنگ دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکستان میں مضبوط جمہوریت کیلئے آزاد، شفاف اور پرامن انتخابت کا انعقاد چاہتی ہے،کرپشن کا کوئی بھی الزام ثابت نہیں ہونے کے باوجود بھی نواز شریف کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام پر سزاسنائی گئی، 13جولائی کو نواز شریف کی وطن آمد کے موقع پر مسلم لیگ(ن) کے 18رہنمائوں پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے اور 16,868کارکنوں پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، اگر ملک کے اندر آزاد اور شفاف انتخابات منعقد کرائے گئے تو پاکستان مسلم لیگ(ن) واضح اکثریت حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

مشاہد حسین سید نے کامن ویلتھ مبصر گروپ کا پاکستان کے اندر جمہوریت کی بالادستی اور 25جولائی کو عام انتخابات میں گہری دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا،انتخابات میںمنظم طریقے کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کو ٹارگٹ کرنے کے حوالے سے فیکٹ شیٹ مبصر گروپ کے حوالے کی گئی۔پیر کو پاکستان مسلم لیگ(ن) مرکزی میڈیا کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید سے 20رکنی کامن ویلتھ الیکشن مبصرین کے وفد نے ملاقات کی۔

کامن ویلتھ کی مبصر گروپ کو بریفنگ دیتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کو انتخابات میں برابری کی سطح پر مواقع فراہم نہیں کیے جارہے جس کے حوالے سے انہوں نی3دستاویزات پر مشتمل شواہد بھی وفد کو فراہم کیے۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن)خواتین گروپ کی سربراہ سینیٹر نذہت صادق بھی ان کے ہمراہ تھیں۔کامن ویلتھ الیکشن مبصرین کے وفد کی سربراہی سابق صدر نایجیریا کر رہے تھے۔

جو دستاویزات مبصر گروپ کو فراہم کی گئیں ان میں"انصاف کا قتل" پر فیکٹ شیٹ بھی شامل تھی جس میں نواز شریف جے ٹرائل کے حوالے سے حقائق بھی شامل تھے۔مشاہد حسین نے مبصر گروپ کو بتایا کہ احتساب عدالت کے نواز شریف سے متعلق6جولائی کے فیصلے میں بھی نواز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ اس حوالے سے انہوں نے 171 صفحات پر مشتمل احتساب عدالے کے فیصلے کی کاپی بھی وفد کو دی۔

کرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں ہونے کے باوجود بھی قانون سے روگردانی کرتے ہوئے نواز شریف کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام مجرم بنا دیا گیا حالانکہ اس حوالے سے کوئی اثاثہ یا ان کی مالیت کو سامنے نہیں لایا گیا اور نہ ہی نواز شریف کی آمدن کے ذرائعکا کہیں پرحوالہ دیا گیا ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے الیکشن میں ن لیگ کو برابری کے مواقع نہ دیے جانے کے حوالے سے بھی ایک فیکٹ شیٹ مبصر گروپ کے حوالے کی جس میں واضح طور پر بتایا گیا کہ کسمنظم طریقے کے ساتھ مسلم لیگ(ن) کو ٹارگٹ کہا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے ن لیگ کی 13جولائی کو نواز شریف کی وطن آمد کے موقع پر کارکنوں کی ریلی کا حوالہ دیا کہ کس طرح ان کی پرامن ریلی کو کنٹینر لگا کر روکا گیا اور مسلم لیگ(ن) کے 18رہنمائوں پر جھوٹے دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے اور 16,868کارکنوں پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے جن کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ نگران حکومت نے مسلم لیگ(ن)کی ریلی کی کوریج سے بھی میڈیا کو روک دیا اور لاہور کے اندر موبائل سگنلز بھی بند کر دیے گئے تھے۔

سینیٹر مشاہد حسین نے مبصر وفد کو مسلم لیگ(ن) حکومت کے دور میں بنائے گئے دھاندلی کو روکنے کے سسٹم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ کامن ویلتھ کے مبصر گروپ نے اس سسٹم کو دلچسپی کے ساتھ دیکھا کیونکہ یہ کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے قائم کیا گیا اپنی نوعیت کا پہلا سسٹم ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) پاکسان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے اور ہم نے ووٹ کے تقدس، جمہوریت کی بحالی، پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے ہمیشہ کام کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کو یقین ہے کہ اگر ملک کے اندر آزاد اور شفاف انتخابات منعقد کرائے گئے تو پاکستان مسلم لیگ(ن) واضح اکثریت حاصل کرے گی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) نے گزشتہ دور حکومت میں بھی دہشتگردی کا خاتمہ کیا، صحت اور تعلیم کے شعبے میں کام کیا اور ملک کے اندر سی پیک کی بنیاد رکھی جس کی نظیر پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔انہوں نے کامن ویلتھ مبصر گروپ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کے اندر جمہوریت کی بالادستی اور 25جولائی کو عام انتخابات میں گہری دلچسپی لی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں