خورشید شاہ نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے

موجودہ حالات میں ایسے اسپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، میں نے 30 سال میں ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے-خورشید شاہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 اگست 2018 12:20

خورشید شاہ نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اگست۔2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما اور سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔راہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ پارلیمنٹ ہاﺅس پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے، اس موقع پر پیپلزپارٹی کے دیگر راہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

پارلیمنٹ ہاﺅس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ 30 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں، سب کے ساتھ تعلق ہے، موجودہ حالات میں ایسے اسپیکر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، میں نے 30 سال میں ہمیشہ پارلیمنٹ کی سیاست کی ہے، امید ہے ارکان ووٹ کا فیصلہ کرتے وقت حقائق کو مد نظر رکھیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے اسد قیصر کو نامزد کیا گیا ہے، اسد قیصر اس سے قبل خیبر پختونخوا اسمبلی میں اسپیکر رہے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان سے منتخب ہونے والے قاسم سوری کوامیدوار نامزد کیا ہے۔پیر کے روز تحریک انصاف کے اسد قیصر نے اسپیکر جبکہ قاسم سوری نے ڈپٹی اسپیکرکے لیئے کاغذات نامزدگی جمع کروا ئے جبکہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ایم ایم اے کے مولانا اسد محمود کے کاغذات نامزدگی ڈپٹی اسپیکر کے لیے وصول کیئے تھے۔واضح رہے کہ اپوزیشن نے تحریک انصاف کے مقابلے میں چند روز پیشتر قائد ایوان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے متفقہ طور پر امیدوار سامنے لانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس فارمولے کے تحت قائد ایوان کا امیدوار مسلم لیگ (ن)، اسپیکر کا پیپلز پارٹی جب کہ ڈپٹی اسپیکر کا تعلق ایم ایم اے سے ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں