یوم آزادی ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا ،ملک بھر میں خصوصی تقریبات ، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا

دن کا آغاز ملک و قوم کیلئے خصوصی دعائوں سے ہوا ، وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی گئی ملک بھر میںصبح 8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے گئے ، قوم نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا،مزار قائد اور علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی سرکاری و نجی عمارتوں پر پرچم کشائی کی پروقار تقریبات کا انعقاد ،کیک کاٹے گئے ،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات

منگل 14 اگست 2018 15:10

ْاسلام آباد/لاہور/کراچی/کوئٹہ/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر میں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات ، سیمینارز اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ،سرکاری و نجی عمارتوں پر پرچم کشائی کی پروقار تقریبات منعقد کی گئیں اور کیک کاٹے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان کا یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔

دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں سے ہوا ۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک بھر میںصبح 8بجکر 58منٹ پر سائرن بجائے گئے اور قوم نے یک زباں ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔

(جاری ہے)

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب ہوئی۔

تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، نگراں وزیراعظم جسٹس (ر)ناصر الملک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، غیر ملکی سفرا ء اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر اور وزیراعظم نے سبز ہلالی پرچم لہرایا۔کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھال لیے۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈوروقار محمد تھے۔ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی اور نگراں وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے بھی مزار قائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ نامزد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ پی پی اراکین کے ہمراہ مزار قائد پہنچے۔ ایم کیوایم کے ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان نے بھی بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ، میئر کراچی اور دیگر نے بھی مزار قائد پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔جہاں پاکستان رینجرز کی جگہ بری فوج کے جوانوں نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے ۔نگران وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری، مئیر لاہور کرنل(ر)مبشر نے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی ۔

جشن آزادی منانے کے لیے سرکاری سکولوں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جہاں بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلوزپیش کئے۔سرکاری و نجی عمارتوں پر پرچم کشائی کی پر وقار تقریبات منعقد کی گئیں جس کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔ اس موقع پر کیک کاٹے گئے ۔یوم آزادی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں