اسپیکرکا انتخاب،پی ٹی آئی کو 180سے زائد ووٹوں کی امید

عمران خان کی تمام ارکان اسمبلی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت،اسمبلی میں کل کا دن بہت طویل ہوگا،سینئر قیادت نئے ارکان کوساتھ لے کرچلے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 اگست 2018 20:11

اسپیکرکا انتخاب،پی ٹی آئی کو 180سے زائد ووٹوں کی امید
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 اگست 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں تمام ارکان کوحاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمبلی میں کل کا دن بہت طویل ہوگا،سینئر قیادت نئے ارکان کوساتھ لے کرچلے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمرا ن خان کی زیرصدارت پارٹی قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں جہانگیرترین ، اسد عمر ، عمران اسماعیل سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جہانگیرترین نے عمران خان کوآزاد اراکین سے ملاقاتوں بارے بریفنگ دی۔ تحریک انصاف کو امید ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے 180سے زائد ووٹ ملیں گے۔اس موقع پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تمام ارکان اسمبلی کو کل اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل کا دن بہت اہم ہے۔اسمبلی میں کل کا دن بہت طویل ہوگا۔سینئر قیادت نئے ارکان کوساتھ لے کرچلے۔تمام خواتین ارکان اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں ضرور حصہ لیں ۔دوسری جانب تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے ہارس ٹریڈنگ کے خدشات کا اظہار کردیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے انکشاف کیا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے ہمارے ایم این ایز سے رابطے کیے گئے ہیں،ہم انکوائری کررہے ہیں کہ کن ایم این ایز سے رابطے کیے گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے انتخاب کیلئے ہمارے ایم این ایز کو توڑنے کیلئے ان سے رابطے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کی تحقیقات کریں گے۔ دراصل تحریک انصاف کو خدشہ ہے کہ سینیٹ الیکشن کی طرح ممبران اسمبلی کی خریدو فروخت نہ کی جائے۔ جس سے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر یا پھر کسی ایک سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے اپنے ایم این ایز کو باور بھی کروایا ہے کہ قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے انتخابات کے سلسلے میں کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں