نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی، لیگی کارکن بکتر بند گاڑی کا گھیراؤ کرتے رہ گئے

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو لینڈ کروزر میں عدالت پہنچا کر کمرہ عدالت میں پہنچا دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 11:01

نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی، لیگی کارکن بکتر بند گاڑی کا گھیراؤ کرتے رہ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف کو آج العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت پہنچا دیا گیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو لینڈ کروزر میں احتساب عدالت پہنچایا گیا ۔ لینڈ کروزر سے قبل بکتر بند گاڑی بھی احتساب عدالت پہنچی، بکتر بند گاڑی کی آمد پر احتساب عدالت کے باہر موجود لیگی کارکنان نے بکتر بند گاڑی کا گھیراؤ کر لیا ، لیگی کارکنان کا دھیان بٹا کر نواز شریف کو لینڈ کروزر سے نکال کر دوسرےگیٹ سے احتساب عدالت کے اندر داخل کر دیا گیا۔

نواز شریف کیا احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی سخت رکھی گئی۔ نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنان اور ارکان پارلیمنٹ سمیت مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کو کمرہ عدالت کے اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف نے کہا کہ ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے تمام ارکان آج نواز شریف سے ملاقات کے لیے آئے ہیں۔

جیسا سلوک نواز شریف کے ساتھ کیا جا رہا ہے ویسا کسی دہشتگرد کے ساتھ بھی نہیں کیا جاتا۔ ہم نے منظم طریقے سے یہاں احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ٹرائل کورٹ نے نواز شریف کو کرپشن کے الزام سے بری کیا۔ نواز شریف نے پاکستان کی ترقی اور اسے ایک عظیم مملکت بنانے کی دعا کی ہے۔ دعا ہے کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کو جلد رہائی ملے۔ چترال سے گوادر کراچی تک پوری قوم نواز شریف کے ساتھ ہے اور ان کے لیے دعاگو ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایوان میں تاریخی کردار ادا کریں گے۔ خیال رہے کہ 13 اگست کو العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے لیکن احتساب عدالت کے باہر نہ تو لیگی کارکنان کی بڑی تعداد دیکھنے میں آئی نہ ہی کسی رُکن اسمبلی نے اپنا چہرہ دکھایا۔ احتساب عدالت کے باہر یا قومی اسمبلی میں نوازشریف کے حق میں نعرے نہ لگانے پر اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا جیل سے سخت پیغام ملنے پرن لیگ کی قیادت پریشانی میں مبتلا ہو گئی۔ پیغام میں قیادت کو جھاڑ پلاتے ہوئے کہا گیا کہ اگر آپ کچھ نہیں کرسکتے، اب سب کچھ ہم جیل میں بیٹھ کر خود کریں گے ، قومی اسمبلی میں اگر نوازشریف کا نعرہ اسمبلی میں نہیں لگ سکتا اور پیشی پر چند کارکنوں اور پرویز رشید کے سوا اگر کوئی نہیں پہنچ سکتا تو اس کا مطلب ہے یہ سب کسی اور کے لیے ہو رہا ہے۔ اسی کے پیش نظر آج ن لیگی ارکان اسمبلی اور کارکنان احتساب عدالت کے باہر موجود تھے جبکہ پارٹی صدرشہباز شریف بھی قومی اسمبلی کی بجائے احتساب عدالت پہنچے جہاں انہیں کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت دے دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں