پاناما جے آئی ٹی میں خفیہ اداروں کے افسران چوہدری نثار نے شامل کیے! چیف جسٹس

پاناما جے آئی ٹی میں خفیہ اداروں کے افسران عدالتی حکم پر شامل نہیں کیے گئے،جعلی بنک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس میں چیف جسٹس کے اہم ریمارکس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 15 اگست 2018 12:28

پاناما جے آئی ٹی میں خفیہ اداروں کے افسران چوہدری نثار نے شامل کیے! چیف جسٹس
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15اگست 2018ء) جعلی بنک اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔دوران سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاناماجے آئی ٹی میں عدالتی حکم پر خفیہ اداروں کے افسران کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ خفیہ اداروں کے افسران چوہدری نثار نے شامل کیے۔چیف جسٹس نے کہا پاناما کے لیے بننے والے جے آئی ٹی میں خفیہ اداروں کے افسران کو اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے شامل کیا۔

یاد رہے پانامہ پیپرز کے سامنے آنے کے بعد پاکستانی سیاست میں ایک بھونچال آگیا اور اس معاملے کو 2016 میں سپریم کورٹ میں لایا گیا جہاں پر یہ کیس چلتا رہا اور فروری 2017 میں اس کیس کا فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ جو بعد ازاں 20 اپریل کو سنایا گیا جس کے نتیجے میں 2-3 کا فیصلے سامنے آیا اور کیس کے فیصلے کے نتیجے میں جے آئی ٹی بنا دی گئی جس کے نتیجے میں مسلم لیگ ن اور شریف خاندان نے بغلیں بجائیں اور اس فیصلے کو اپنی فتح قرار دیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں اور اسی جے آئی ٹی میں جب پے در پے پیشیاں بھگتنا پڑیں تو مسلم لیگ ن نے اس ملک اورجمہوریت کے خلاف سازش قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے وزراء جے آئی ٹی کے سامنے شریف خاندان کی پیشیوں کے موقع پر لمبی چوڑی تقریریں کرتے ۔جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تو اس کے بعد 28 جولائی کو 0-5 کا فیصلہ آیا جس میں نواز شریف کو وزارت اعظمیٰ سے نااہل کردیا گیا ۔واضح رہے سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحققیاتی ٹیم میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے اہلکاروں کو شامل کیا گیا تھا جس پر نواز شریف اور سابق حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن نے اعتراضات بھی اُٹھائے تھے۔

اور یہ بھی کہا گیا کہ پاناما لیکس میں شامل افراد کا تقرر بھی سرکاری ٹیلی فون سے کرنے کی بجائے واٹس ایپ کال کے ذریعے کیا گیا تھا۔ تاہم آج چیف جسٹس نے ایک کیس کی سماعت کے دوران اس حوالے سے اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پاناماجے آئی ٹی میں عدالتی حکم پر خفیہ اداروں کے افسران کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ خفیہ اداروں کے افسران چوہدری نثار نے شامل کیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں