مثال تو شاہد خاقان عباسی نے قائم کی جنہوں نے ایک منٹ بھی وزیراعظم ہاؤس قیام نہیں کیا

عمران خان تو کھسک کھسک کر وزیراعظم ہاؤس جا رہے ہیں۔ معروف صحافی کی تنقید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 15 اگست 2018 13:49

مثال تو شاہد خاقان عباسی نے قائم کی جنہوں نے ایک منٹ بھی وزیراعظم ہاؤس قیام نہیں کیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 اگست 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی کامران خان نے کہا کہ سادگی اور پروٹوکول سے پاک شاہانہ انداز اگر سرکاری افسران کو اپنانا ہے تو اس کی مثال ہمارے پاس موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخصیت اس کی مثال ہیں جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ جنہوں نے وزیر اعظم کی پوزیشن کو استعمال کیا لیکن انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک منٹ بھی نہیں گزارا۔

وہ شخصیت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تھے۔ ہر لحاظ سے وہ پروٹوکول سے پاک تھے اور کسی بھی دن انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں قیام نہیں کیا۔ اس کی کوئی خبریں نہیں آئیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی وہ اپنے ذاتی گھر میں رہتے تھے، ان کی زندگی ہر لحاظ سے پروٹوکول اور شاہانہ انداز سے پاک تھی۔

(جاری ہے)

وہ وعدے جو عمران خان اب کر رہے ہیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلے ہی اس کا عملی نمونہ پیش کر چکے ہیں۔

انہوں نے تصاویر بھی دکھائیں جن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سڑک پر بیٹھے ناشتہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہیں بارہا بغیر پروٹوکول بیرون ملک سفر کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ کامران خان نے کہا کہ ایک وزیراعظم کے لیے بغیر پروٹوکول رہنا کتنا مشکل ہے ؟ لوگوں نے عمران خان کے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کے اعلان کے بعد انہیں کھسکا کھسکا کر وزیراعظم ہاؤس کے اندر تو پہنچا ہی دیا ہے۔

اور اب کہا گیا ہے کہ شاید عمران خان اب وزیراعظم ہاؤس کے اندر ہی رہیں گے لیکن برابر میں کسی گھر میں رہیں گے۔ عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ انہیں وزیراعظم ہاؤس جیسی شاہانہ جگہ رہتے ہوئے شرم آئے گی۔ انہوں نے وزیراعظم ہاؤس کو تعلیمی ادارہ بنانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ کامران خان نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں نہیں رہیں گے لیکن وہ وزیراعظم ہاؤس کے ساتھ ملٹری سیکرٹری میں رہیں گے ، اور اس فیصلے کے بعد عمران خان کی وزارت عظمیٰ کا حلف اُٹھانے کے بعد رہائش کے حوالے سے ایک نئی اور دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں