پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر سپیکر منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا،

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شامل جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سید خورشید احمد شاہ نی146 ووٹ حاصل کئے، کل 330 ووٹ ڈالے گئے، 8 ووٹ مسترد ہوئے اسد قیصر کا نام ریاض فتیانہ اور فضل محمد نے، سید خورشید احمد شاہ کا نام ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ، سید نوید قمر، مسرت رفیق مہیسر، شاہدہ رحمانی اور رمیش لعل نے تجویز کیا

بدھ 15 اگست 2018 16:52

پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر سپیکر منتخب، عہدے کا حلف اٹھا لیا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر سپیکر منتخب ہو گئے۔ نومنتخب سپیکر اسد قیصر نے سپیکر قومی اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ بدھ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سب سے پہلے نئے سپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن کے طریقہ کار سے ایوان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری قومی اسمبلی اس الیکشن میں پریزائیڈنگ افسر کے طور پر فرائض سرانجام دیں گے۔

ارکان کو اردو حروف تہجی کے اعتبار سے باری باری ووٹ ڈالنے کے لئے بلایا جائے گا۔ کوئی بھی امیدوار پولنگ کے دوران کسی بھی وقت اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتا ہے۔ بیلٹ پیپر پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ایک مجاز افسر کے دستخط اور مہر لازمی ہوگی۔

(جاری ہے)

سپیکر کے عہدے کے لئے پی ٹی آئی کے امیدوار اسد قیصر اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس میں شامل جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سید خورشید احمد شاہ کے درمیان مقابلہ ہوا۔

سپیکر نے بتایا کہ اسد قیصر کا نام ریاض فتیانہ اور فضل محمد نے تجویز کیا ہے جبکہ سید خورشید احمد شاہ کے تجویز کنندگان میں ڈاکٹر شازیہ ثوبیہ، سید نوید قمر، مسرت رفیق مہیسر، شاہدہ رحمانی اور رمیش لعل کے نام شامل تھے۔ سپیکر کے الیکشن کے لئے دو پولنگ بوتھ قائم کئے گئے جہاں باری باری ارکان نے آ کر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسد قیصر کے پولنگ ایجنٹ کے طور پر ڈاکٹر عمران خٹک، عمر ایوب خان اور سید خورشید احمد شاہ کے پولنگ ایجنٹ کے طور پر سید غلام مصطفیٰ شاہ اور شازیہ مری نے فرائض سرانجام دیئے۔

پولنگ کا عمل ایک بجکر 51 منٹ پر ختم ہوا۔ سپیکر نے ووٹوں کی گنتی کا حکم دیتے ہوئے خاص طور پر دونوں امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کو آگے آنے کو کہا۔ ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے پر سپیکر سردار ایاز صادق نے نتیجے کا اعلان کیا جس کے مطابق کل 330 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 8 ووٹ مسترد ہوئے۔ پی ٹی آئی اور اس کی حلیف جماعتوں کے سپیکر کے منصب کے لئے مشترکہ امیدوار اسد قیصر نے 176 ووٹ حاصل کئے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار سید خورشید احمد شاہ نے 146 ووٹ حاصل کئے۔ اس طرح پی ٹی آئی کے امیدوار اسد قیصر قومی اسمبلی کے نئے سپیکر منتخب ہو گئے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے نومنتخب سپیکر اسد قیصر سے حلف لیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں